غیرملکی تارکین وطن کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انتظامی حکم قابل مذمت ہے،امریکا غیرملکی تارکین وطن اورپناہ گزینوں کو خوش آمدید کہنے کے اپنے قابل فخر ماضی سے دستبردار ہورہا ہے ، دنیا میں بے چینی اوربے یقینی کے ماحول میں ڈونلڈ ٹرمپ پناہ گزین بچوں اور ان کے خاندانوں کو نظر انداز نہ کریں،ملالہ یوسفزئی

ہفتہ 28 جنوری 2017 15:25

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2017ء) وادی سوات سے تعلق رکھنے والی نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے غیرملکی تارکین وطن کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتظامی حکم کی مذمت کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ سے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کیلئے امریکا کے دروازے بند کرنے کے انتظامی حکم سے انہیں انتہائی مایوسی ہوئی ہے ، میں دل شکستہ ہوں کہ امریکا غیرملکی تارکین وطن اورپناہ گزینوں کو خوش آمدید کہنے کے اپنے قابل فخر ماضی سے دستبردار ہورہا ہے ، یہ ایسے لوگ ہیںجو امریکا میں ایک نئی زندگی کی خاطر اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے آتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نئے انتظامی حکم نامے کے تحت 7مسلم ممالک کے پناہ گزینوں کے امریکا آنے کے قواعد انتہائی سخت کردیئے گئے ہیں۔ ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ شام سے تعلق رکھنے والے پناہ گزین بچوں کے حوالے سے انہیں بہت زیادہ مایوسی ہوئی ہے کیونکہ یہ بچے گذشتہ چھ سالوں سے ایسے انتہائی تکلیف دہ حالات کا سامنا کررہے ہیں جن میں ان کا کوئی قصور نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں بے چینی اوربے یقینی کے اس ماحول میں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کریں گی کہ وہ دنیا کے پناہ گزین بچوں اور ان کے خاندانوں کو نظر انداز نہ کریں۔