اٹھارویں ترمیم کے باوجود وفاقی حکومت صوبائی خودمختاری کے حق میں نہیں ،ایم کیو ایم بھی صوبائی خودمختاری نہیں چاہتی ، نثارکھوڑو

ایم کیوایم والے کسی کی انگلی کے اشارے ،آشیربادکے انتظار میں ہوتے ہیں ،ڈرامہ بہت ہوگیا اب سندھ کے بڑے بیٹے ہونے کا ڈرامہ نہیں چلے گا، وہ زمانہ چلا گیا ایک حکم اور سیٹی بجانے پر شہر بند ہوجائے، میڈیاسے بات چیت

پیر 30 جنوری 2017 20:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر وسینئر وزیر برائے پارلیمانی امورسندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ18ویں ترمیم کے باوجود وفاقی حکومت صوبائی خودمختاری کے حق میں نہیں ہے اور متحدہ قومی مومنٹ بھی صوبائی خودمختاری نہیں چاہتی اور یہ کسی کی انگلی کے اشارے اور آشیربادکے انتظار میں ہوتے ہیں ،ڈرامہ بہت ہوگیا اب سندھ کے بڑے بیٹے ہونے کا ڈرامہ نہیں چلے گا، وہ زمانہ چلا گیا کہ ایک حکم اور سیٹی بجانے پر شہر بند ہوجائے ۔

کسی کے بڑے جلسے کا غصہ ورکرز کے ویجزکے معاملے پر نکالا جارہاہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو سندھ اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔نثار احمد کھوڑونے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی خودمختاری کو رول بیک کرنے کی سازش کررہی ہے اور ای او بی آئی سمیت مختلف محکمے لٹکا کر رکھ دیئے ہیں تاہم پیپلز پارٹی صوبائی خود مختاری لیکر رہے گی ۔

(جاری ہے)

انھوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی ایوان میں قوانین کے ساتھ چل رہی ہے اور صنعتوں میں کام کرنے والے ورکرزکی بھلائی کے لیے اہم بل منظور کروایااور متحدہ قومی مومنٹ یہ نہیں چاہتی کہ ورکرز کے ویجز کا مسئلہ حل ہواور انھوں نے ایوان میں ہنگامہ کرکے محنت کشوں سے بیوفائی کی ہے۔انھوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال سے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین تھے مگر انھوں نے ورکرز کے ویجز کے بل کے متعلق ایک سال میں کوئی کام نہیں کیا جس وجہ سے بل کو اسمبلی میں لایا گیا اور اس بل میں ترمیم کے متعلق ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد کو اعتماد میں لیا گیا تھا اور ان کی رضامندی سے بل میں ترمیم کی گئی اگر ایم کیو ایم کے پارلیمانی گروپ میں سید سردار احمد کی نہیں چلتی تو اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں ۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ایوان میں شور شرابہ چلنے سے کام نہیں چلے گا۔ایم کیو ایم ایوان میں بیک فٹ پر کھیلی جس میں وہ آئو ٹ ہوگئی۔نثار احمد کھوڑونے کہا کہاایم کیوایم اس غصے میں ہے کہ کوئی اور کراچی میں بڑے جلسے کررہاہے اور ان سے کچھ نہیں ہو پارہا اوروہ یہ غصہ اس طرح نکال رہے ہیں۔اب سندھ کے بڑے بیٹے ہونے کا ڈرامہ نہیں چلے گا۔انھوںنے کہا کہ ہم پر تنقید کرنے والے پہلے یہ بتائے کہ وہ کس کے اشارے پرچلتے ہیںاوروہ وقت گزر گیا جب کہا جاتا تھا کہ منز ل نہیں قائد چائیے۔نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ہر ایک کوجمہوری طریقے سے چلنے کا حق ہے مصطفی کمال بھلے سندھ حکومت یا وفاقی حکومت کو ٹائم فریم دیتے رہے مگر ہم اپنا کام کرتے رہینگے۔