مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے اپنی بے لگام فوج کے ذریعے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے ریکارڈ توڑ دیئے ‘آفرین ہے آزادی کے متوالوں پر کہ جو اپنی جرا،ْت و بہادری اور قوت ایمانی سے بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے جا رہے ہیں

قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کے ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر کا بیان

منگل 31 جنوری 2017 14:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 جنوری2017ء) قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کے ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے اپنی بے لگام فوج کے ذریعے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور آفرین ہے آزادی کے متوالوں پر کہ جو اپنی جرا،ْت و بہادری اور قوت ایمانی سے بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے جا رہے ہیں۔

سردار فاروق احمدطاہر ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ ایک طرف بھارت اپنے آپ کو خود ساختہ جمہوریت کا چمپیئن قرار دے رہا ہے اور دُوسری جانب نہتے کشمیری جب پُرامن طور پر سیاسی سرگرمیاں کرتے ہیں تو بھارت تمام اخلاقی اور جمہوری تقاضوں کو پس پُشت ڈال کر اُنہیں ہر طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے نا کام کوشش کرتا ہے کہ کسی طرح وہ اپنے جائز حق اور مطالبہ سے دستبردار ہو جائیں، مگر کشمیریوں کے دلوں سے آزادی حاصل کرنے اور پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کی تمنا نکالنا بھارت کے بس سے باہر ہی ہوتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو اب یہ بہر صورت قبول کر لینا چاہیے کہ جو قوم نہ گولی کی پرواہ کرتی ہے، نہ بارود کی، نہ جان کی اور نہ جیلوں کی اُس قوم کو غلام رکھنا ناممکن ہے، اسلیے اب بھارت کو اپنی ساکھ بچانے کی ایک ہی صورت رہ گئی ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ اُنکی خواہش کے مطابق کرنے کا حق دے۔