ڈویژنل افسران سمیت دیگر افسران وقتافوقتا مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کے معیار کو چیک کریں ‘محمد جاوید انور

دورانِ سفر وائی فائی کی سہولت پاکستان ریلویز نے پی ٹی سی ایل سے حاصل کی ہوئی ہے، ملک بھر میں پاکستان ریلویز کے سسٹم پر پی ٹی سی ایل کی کوریج 100فی صد نہیں ہے جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں دورانِ سفر مسافروں کو شکایات کا سامنا ہے ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر

بدھ 1 فروری 2017 21:24

ڈویژنل افسران سمیت دیگر افسران وقتافوقتا مسافروں کو دی جانے والی سہولیات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 فروری2017ء) پاکستان ریلوے مسافروں کو ہر ممکن سہولیات بہم پہنچانے کیلئے مصروفِ عمل ہے اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور نے ایک خصوصی اجلاس بلایا جس میں انہوں نے ٹرینوں میں دی جانے والی سہولیات کا ازسرِ نو جائزہ لیتے ہوئے احکامات جاری کیے کہ نہ صرف ڈویژنل افسران بلکہ دیگر افسران بھی وقتافوقتا مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کے معیار کو چیک کرتے رہا کریں تاکہ پاکستان ریلویز اپنے مسافروں کوبہتر سے بہتر سہولیات دے سکے۔

دورانِ سفر وائی فائی کی سہولت پاکستان ریلویز نے پی ٹی سی ایل سے حاصل کی ہوئی ہے ۔ ملک بھر میں پاکستان ریلویز کے سسٹم پر پی ٹی سی ایل کی کوریج 100فی صد نہیں ہے جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں دورانِ سفر مسافروں کو شکایات کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پی ٹی سی ایل حکام کو اپنے نیٹ ورک کو بہتر بنانے کیلئے کہا گیا ہے۔ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات سے متعلق انفارمیشن پہنچانے کیلئے ڈائریکٹر آئی ٹی کو ہدایات جاری کی گئیں کہ کال سینٹر اور پبلک ایڈریس سسٹم کے پراجیکٹ کو تیزی سے مکمل کیاجائے۔

یہ بھی ہدایت کی گئی کہ دورانِ سفر جن ٹرینوں میں ٹیلیویژن پروگرام کی سہولت میسر ہے ان کے معیار کو بہتر بنایا جائے ، بہترین انتخاب کی مناسب کولیکشن رکھی جائے تاکہ جانے اور آنے والی ٹرینوں میں مختلف پروگرام چلائے جاسکیں۔ پاکستان ریلویز کی ورکشاپس میں کام کو جاری و ساری رکھنے کے حوالے سے چیف کنٹرولر آف پرچیز کو محمد جاوید انور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ہدایات جاری کیں کہ پاکستان ریلویز کی مختلف ڈویژنوں کے جن یونٹس میں ضروری اشیا درکار ہوں ان کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ورکشاپس میں کام متاثر نہ ہو۔

بڑے ریلوے اسٹیشنوں کے یارڈز میں پرانی و خستہ حال کوچز کو مناسب ریٹ پر فروخت کر کے جگہ خالی کروائی جائے۔ اس سلسلہ میں چیف ایگزیکٹو آفیسر نے چیف کنٹرولر آف سٹورز کو ہدایات دیں کہ اب چونکہ اسکریپ کا ریٹ ماضی کی نسبت قدرے بہتر ہے لہذا اچھے داموں پرکنڈم شدہ گاڑیاں فروخت کر کے محکمے کو فائدہ پہنچایا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید، چیف مارکیٹنگ منیجر عبدالحمید رازی، چیف کنٹرولر آف سٹورز اعظم غفور، چیف کنٹرولر آف پرچیز میر بادشاہ اور ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی فہد رحمن سمیت ریلوے کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :