چند بڑے شہروں میں میگا پروجیکٹس سے ترقی نہیں آئیگی،ملک میں معاشرتی سطح پر عدم استحکام پیدا ہو چکا ہے،سردار دوست محمد کھوسہ

جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے عوام محکوم ہیں،حکمران عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں،سی پیک ملک کیلئے اگر گیم چینجرہے توسب سے پہلے بلوچستان کے عوام کا مقدر بدلہ جائے،سابق وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 3 فروری 2017 23:52

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2017ء) سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا ہے کہ چند بڑے شہروں میں میگا پروجیکٹس سے ترقی نہیں آئے گی،پنجاب میں آج بھی خواتین ہسپتالوں کی جھاڑیوں میں زچگی پر مجبور ہیں، ملک میں معاشرتی سطح پر عدم استحکام پیدا ہو چکا ہے، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے عوام محکوم ہیں،حکمران عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں،سی پیک ملک کیلئے اگر گیم چینجرہے توسب سے پہلے بلوچستان کے عوام کا مقدر بدلہ جائے،پاکستان دوسرئے ممالک کے اندورنی معاملات میں مداخلت نہ کرتا تو آج حالات ایسے نہیں ہوتے ،پانامہ لیکس کو جلد نمٹایا جائے قوم کی نظریں عدلیہ پر ہیں۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوںنے کھوسہ ہائوس میں عبدالرحیم کھوسہ کی تعزیت کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت میں کیا اس موقع پر پروفیسر حافظ عبدالحئی کھوسہ،حاجی نثار احمد کھوسہ،میر ناصر خان کھوسہ،جمیل احمد کھوسہ،ڈاکٹر نعیم کھوسہ و دیگر بھی موجود تھے سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ ملک میں معاشرتی سطح پر عدم استحکام پیدا ہوچکا ہے جس کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں ،حکمران عوام تک بنیادی سہولیات اور سروسز منتقل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ملک کے سب سے بڑئے صوبے پنجاب میں آج بھی خواتین کی زچگی کے کیسز ہسپتالوں کی جھاڑیوں میں کرنے پر مجبور ہیں جبکہ ایم فل اور گریجویٹ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں صحت ،تعلیم حتیٰ کہ روزگار سے محروم ہیں جبکہ ملک کے بجٹ کا تین گنا حصہ صرف چند شہروں پر لگا کر چند سو لوگوں کی خوشنودی حاصل کرکے اربوں روپے ضائع کیئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم بڑئے شہروں کی ترقی کے مخالف نہیں ہیں ترقی کے ساتھ ساتھ عوام تک بنیادی سہولیات و سورسز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین کی زد میں آنے والی تاریخی مقامات کے مسمار ہونے سے حکمرانوں کا کوئی سروکار نہیں ہے اور حکمرانوں کا تاریخ سے کوئی تعلق نہیں بلکہ حکمران تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ یقینا گیم چینجر ثابت ہوگا تو سب سے پہلے بلوچستان کے عوام کی تقدیر کو بدلا جائے کیونکہ گزشتہ 70سالوں سے بلوچستان کے عوام کی حالت جوں کی توں ہے جس کی وجہ سے چھوٹے اور بڑئے صوبے جیسے مسئلے پیدا ہورہے ہیں اور احسا س محرومی بڑھ رہی ہے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے عوام محکوم اقوام ہیں فرق صرف اتنا ہے کہ جنوبی پنجاب کی سیاسی قیادت عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتی ہے جبکہ بلوچستان کی سیاسی قیادت صرف اپنی حالت زار کو تبدیل کرنے اور اس میں بہتری لانے کے لیے مسلسل جدوجہد کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مسلم لیگ کا کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا ہے بلکہ مسلم لیگ تو ملک سے ختم ہو چکی ہے اب صرف(ن)لیگ ہی باقی رہ گئی ہے اور اگر موجودہ مسلم لیگ سی(ن) کو مائنس کیا جائے تو کچھ بھی نہیں رہیگا۔