فخر افغان باچا خان ‘ رہبر تحریک خان عبد الولی خان اور اجمل خٹک کی برسی 12 فروری کو جناح پارک میں 1 بجے بھر پور طریقے سے منانے کا اعلان

اتوار 5 فروری 2017 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 فروری2017ء) عوامی نیشنل پارٹی (ولی ) نے فخر افغان باچا خان ‘ رہبر تحریک خان عبد الولی خان اور اجمل خٹک کی برسی 12 فروری کو جناح پارک میں 1 بجے بھر پور طریقے سے منانے کا اعلان کردیا ۔ یہ اعلان پارٹی کی چیئر پرسن بیگم نسیم ولی خان نے ولی باغ میں پارٹی عہدیداروں کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر مرکزی سینئر نائب صدر نوابزادہ محسن علی خان ‘ مرکزی نائب صدر سید نذیر باغی ‘ مرکزی سیکرٹری اطلاعات امان خان ‘ صوبائی صدر فرید طوفان خان ‘ صوبائی نائب صدر پیر فیاض علی شاہ ‘ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری نسیم الرحمان ‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات عطیف الرحمان خلیل ‘ سابق ممبر صوبائی اسمبلی عبد الرحمان خان سمیت خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کے صدوراور جنرل سیکرٹریز بشمول فاٹا نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیگم نسیم ولی خان نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں کو بھاگنے نہیں دیا جائیگا بر سر اقتدار آکر ان سے پختون قوم کی پائی پائی کا حساب لیا جائیگا وہ اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ موجودہ حکمرانوں سے مک مکا کر کے خود کو بچالیا ہے وہ کان کھول کر سن لیں صوبہ خیبر پختونخوا میں آئندہ حکومت عوامی نیشنل پارٹی ولی کی ہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹاخہ کی آواز سن کر بیرون ملک بھاگنے والے خاک ملک و قوم کی خدمت کرینگے باچا خان اور ولی خان کے سپاہیوں نے گولیوں کے سامنے اپنے سینے تان کر کھڑے تھے کبھی میدان سے نہیں بھاگے اور ہمیشہ حق اور سچ کیلئے آواز اٹھائی ہے نہ کہ پختون قوم کے سروں کا سودا کیا اور انہیں سخت حالات میں اپنے رحم و کرم پر چھوڑ کر راہ فرار اختیار کی ۔

اجلاس میں فخر افغان باچا خان ‘ رہبر تحریک خان عبد الولی خان اور اجمل خٹک کی برسی کو کامیابی سے منانے کے لئے ضلعی صدور کو ٹاسک سونپ دیئے گئے اور اہم فیصلے بھی کئے گئے ۔ پارٹی کی چیئر پرسن بیگم نسیم ولی خان نے تمام ترقی پسند ‘ وطن دوست اور قوم پرستوں سے شرکت اور اضلاع کے صدور اور جنرل سیکرٹریز سے بروقت قافلوں کو جناح پارک پہنچانے کی استدعا کی ہے ۔