یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سپورٹس سٹیڈیم کو جنید جمشید کے نام سے منسوب کر دیا گیا

سٹیڈیم میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی ، وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے تختی کی نقاب کشائی کی

پیر 6 فروری 2017 16:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2017ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے سپورٹس کمپلیکس اور سٹیڈیم کو معروف دینی سکالر ، نعت خواں اور یونیورسٹی کے سابق طالب علم جنید جمشید مرحوم کے نام سے منسوب کر دیا گیا ۔ وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق نے تختی کی نقاب کشائی کی۔تقریب میں پر وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد، جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید ، تینوں صاحبزادے تیمور ، سیف اور بابر جنید ، یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور مرحوم کے دیرینہ دوستوں نے بھی شرکت کی ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جنید جمشید ایک سچے پاکستانی تھے جنہوں نے دین کی خدمت کے لئے اپنی زندگی وقف کر دی تھی۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جنید جمشید سٹیڈیم اور سپورٹس کمپلیکس میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

گراؤنڈ کو بہتر کیا جائے گا آسٹروٹرف اور فلڈ لائٹس بھی لگائی جائیں گی ۔انہوں نے وائس چانسلر کو اس حوالے سے فوری طور پر سکیم تیار کرنے کی ہدایت کی ۔

بعد ازاں یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں جنید جمشید مرحوم کی یاد میں تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ، وائس چانسلر ، جنید جمشید کے بھائی ، صاحبزادوں اور دوستوں نے شرکت کی اور جنید جمشید کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ان سے وابستہ خوشگوار یادوں کے حوالے سے تاثرات بیان کئے ۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ جنید جمشید انتہائی نیک اور انسان دوست انسان تھے جنہوں نے ہمے حقوق العباد اور حقوق اللہ کا خیال رکھا اور نوجوان نسل میں دین کی طرف رغبت پیدا کرنے کے لئے دن رات محنت کی۔ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ جو اللہ اور اس کی مخلوق کے حقوق کا خیال رکھنا ہے تاریخ میں ہمیشہ نام پیدا کرتا ہے اور آخرت میں بھی سرخرو ہوتا ہے ۔