بیرسٹر سلطان پانچ روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، ابو ظہبی ایئر پورٹ پر شاندار استقبال

دنیا بھر میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو بے نقاب کرنے کیلئے کردار ادا کریں، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

بدھ 8 فروری 2017 22:41

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آج متحدہ عرب امارات کے پانچ روزہ دورے پر اسلام آباد سے ابوظہبی پہنچ گئے۔ ابوظہبی ائیرپورٹ پہنچنے پر انکا شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں جہاں بھی کشمیری آباد ہیں وہ وہاں کے قوانین اور حالات کے مطابق مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریںاورمقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ احساس دلائیں کہ نہ صرف دنیا بھر میں آباد پاکستانی و کشمیر بلکہ پوری انٹرنیشنل کمیونٹی انکے ساتھ ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بہت سی قربانیاں دی ہیں اب یہ ہم پر ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں ابوظہبی ائیرپور پر آمد کے بعد اپنے استقبال کے لئے آنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا ابوظہبی سے دبئی جگہ جگہ زبردست استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ 10 فروری کو دبئی کے تاریخی جلسے میں پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاست پر اپنے خیالات کا اظہار کرونگا۔

میں یو اے ای کے عوام کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے میرا اتنا شاندار استقبال کیا۔دریں اثناء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی10 فروری کو دبئی جلسہ کی تیاریوں اور کامیابی کے سلسلے میں پی ٹی آئی کشمیر کے رہنمائوںاور کارکنوں کا ایک وفددبئی پہنچ گیا ہے جس میں پی ٹی آئی کشمیر کے سیکریٹری خزانہ چوہدری اخلاق،سابق وزیر چوہدری رفیق نیر، سابق امیدوار برائے ممبر کشمیر کونسل ڈاکٹر انصر ابدالی، سابق ممبر اسمبلی چوہدری مقبول احمد، دربار عالیہ کھڑی شریف کے سجادہ نشین و پی ٹی آئی کشمیر علماء مشائخ بورڈ کے چئیرمین میاں عمر بخش،سردار رزاق آف سہنسہ،عدیل میر، سابق امید وار اسمبلی چوہدری شوکت فرید، زاہد ہاشمی، سردار مرتضی بانڈی عباسپور،جبکہ برطانیہ پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی رہنماء ضیاء گورسی،پولینڈ سے چوہدری شبیر،پی ٹی آئی کشمیر گلف کے صدر سردار ندیم آزاد،سابق ڈی جی کشمیر سیل ندیم قاسمی اور پی ٹی آئی یوتھ ، آئی ٹی ایف سمیت دیگر عہدیداران دیگر شامل ہیں جبکہ پاکستان و آزاد کشمیر سمیت مشرق وسطی ،برطانیہ اور یورپ کے دیگر ممالک سے بھی لوگ دبئی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

دبئی کے جلسے کے لئے زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے اور اس جلسے کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔