بھارت کا روایتی اور نیوکلیئر ہتھیاروں میں اضافہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے ،پاکستان

بھارت مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے‘ بھارت نے خفیہ نیوکلیئر سٹی تعمیر کیا ، بین البراعظمی میزائل تیار کررہا ہے،‘ بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت ثابت ہوچکی ہے‘ پاکستان کو سفری پابندیوں والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں‘ نئی امریکی انتظامیہ نے پاکستان کو فہرست میں شامل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ‘ پاکستان افغانستان میں امن کے لئے پرعزم ہے، روس میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی شرکت کا امکان ہے،ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کی صحافیوں کو ہفتہ واریفنگ

جمعرات 9 فروری 2017 15:28

بھارت کا روایتی اور نیوکلیئر ہتھیاروں میں اضافہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 فروری2017ء) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت مسلسل سیز فائر لائن معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے‘ بھارت نے خفیہ نیوکلیئر سٹی تعمیر کیا ہے اور بین البراعظمی میزائل تیار کررہا ہے‘ بھارت کی جانب سے روایتی اور نیوکلیئر ہتھیاروں میں اضافہ پاکستان اور خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں‘ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت ثابت ہوچکی ہے‘ پاکستان کو سفری پابندیوں والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں‘ نئی امریکی انتظامیہ نے پاکستان کو فہرست میں شامل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے‘ پاکستان افغانستان میں امن کے لئے پرعزم ہے، اس حوالے سے روس میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی شرکت کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ افغانستان میں ریڈ کراس کے چھ کارکنوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افضل گورو شہید کی پہلی برسی کے موقع پر بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں پرامن مظاہرین پر تشدد کیا گیا ۔

کپواڑہ میں لبریشن فرنٹ کے دفتر پر دھاوا بولا گیا۔ طلبہ کو گھسیٹا گیا اور بندوقوں سے ان پر وار کئے گئے اور تشدد کیا گیا۔ کشمیری عوام نے افسپا جیسے کالے قوانین کی طرح کے پولیس کے لئے قانون کے حوالے سے بل کو مسترد کیا ہے۔ کشمیر میں حریت قیادت نے ہڑتال کی کال دی تھی۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد سات ہزار سے زائد کشمیری عوام کو لاپتہ کیا گیا جن کی قسمت کا کوئی پتہ نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کی نئی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ ہوا ہے۔ پاکستان کو سفری پابندیوں والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے بھی اس حوالے سے واضح بیان جاری کیا ہے۔ سعودی عرب‘ گلف ممالک اور مغربی ممالک سے صرف پاکستانیوں کو ہی ڈیپورٹ نہیں کیا جارہا مقامی قوانین کی خلاف ورزی ڈیپورٹ کرنے کی وجہ ہے۔

پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہے اور دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ سعودی عرب میں پاکستان کے تارکین وطن کے حوالے سے مسائل پر سعودی حکومت سے رابطے میں ہیں۔ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی جانب سے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر تبصرہ نہیں کرسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارت کی جانب سے دہشت گردی میں ملوث ہونے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت ثابت ہوچکی ہے اور ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

کلھبوشن یادیو اور بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے حوالے سے ثبوت اور ڈوزیئر اقوام متحدہ کو فراہم کرچکے ہیں۔ بھارت کے دفاعی بجٹ اور نیوکلیئر ہتھیاروں میں اضافے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے روایتی اور نیوکلیئر ہتھیاروں میں بے تحاشہ اضافہ پاکستان اور خطے کے لئے خطرہ ہے اور اس سے خطے کے توازن میں بگاڑ پیدا ہورہا ہے۔

بھارت آئی اے ای ای کی جانب سے سیفٹی معیارات کی خلاف ورزی کررہا ہے اور نیوکلیئر سٹی تعمیر کرچکا ہے ۔ بھارت بین البراعظمی میزائل بھی تیار کررہا ہے اور بھارت ایٹمی اسلحہ کے ذخائر جمع کررہا ہے۔ بھارت کے آرمی چیف کی جانب سے کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن کے بیانات بھی آچکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے قیام کے لئے پرعزم ہے اس حوالے سے تمام اقدامات کا حامی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کی نئی انتظامیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں والے ممالک کی فہرست میں شامل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روس میں افغانستان میں امن اور خطے کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کو بھی مدعو کیا گیا اور پاکستان کی اس میں شرکت کا امکان ہے۔ پاکستان ہمسائیہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا حامی ہے اور بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے کرنے کا خواہاں ہے۔

پاکستان مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ سمجھوتہ ایکسپریس کے حوالے سے معاملہ کئی بار اٹھایا لیکن بھارت کی جانب سے معاملہ پر تحقیقات کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی جارہیں۔ پاکستان معاملہ اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کے بیانات اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے اس کا بیان جواب کے لئے میرٹ پر پورا نہیں اترتا۔

بھارت کے سیاستدان کشمیر میں استصواب رائے سے بچنے کے لئے بے معنی بیانات دے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیاء کا اگلا اجلاس اگلے ماہ ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات میں بہتری آرہی ہے دفاع پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کا اہم حصہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ای سی او کا اجلاس شیڈول کے تحت ہوگا تیاریاں مکمل ہیں اور اکثر ممالک کی قیادت کی شرکت کنفرم ہوچکی ہے برطانیہ کے ساتھ پی آئی اے کی فلائٹ والا معاملہ اٹھایا ہے۔