کراچی‘ دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر کشمیر میں بھارتی دہشتگردی اور حافظ محمد سعید کی نظر بندی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 10 فروری 2017 22:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 فروری2017ء) دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اور حافظ محمد سعید کی نظر بندی کے خلاف ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سے جماعة الدعوة کراچی کے مس?ل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مظلوم کشمیریوں کے بجائے بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں،سڑکیں بناکر قوم کے دل جیتے نہیں جاسکتے، عوام کشمیر کے لیے حکومت سے عملی اقدام کی توقع رکھتے ہیں۔

حافظ سعید کی نظر بندی سے کشمیری حریت رہنماء بھی سخت تشویش میں مبتلا ہیں، حکومت بیرونی دبائو میں آکر قومی مفادات کو نقصان نہ پہنچائے۔ پاکستانی قوم غیرت مند ہے، امریکی و بھارتی غلامی کا طوق گلے میں ڈالنا منظور نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے تحریک آزادی جموں کشمیر کے رہنما حافظ محمد امجد اور عبداللہ رحمانی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے مظلوم کشمیریوں اور حافظ محمد سعید کے حق میں اور امریکا و بھارت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر حافظ محمد سعید سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ، جماعة الدعوة کا جرم خدمت انسانیت ہے، مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرنا دہشت گردی نہیں، جیسے دیگر جملے بھی درج تھے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف قوم کی خواہشات کا احترام کریں۔ عوام نے اس لیے نہیں چنا تھا کہ محب وطن افرد پر پابندی لگائی جائے۔

جماعة الدعوة محب وطن جماعت ہے، ملک میں کہیں بھی اس کا مجرمانہ کردار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حافظ محمد سعید نے ہمیشہ پاکستانیت پروان چڑھانے کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ ملک کی نظریاتی سرحدوں کا دفاع جرم نہیں قوم کی خدمت ہے۔ امریکی و بھارتی ایما پر حافظ سعید کی نظر بندی قوم مسترد کرچکی۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ حکومت بیرونی دبائو پر کشمیریوں کے لیے بلند ہونے والی توانا آواز دبانا چاہتی ہے۔

دہشت گردی کا ارتکاب جماعة الدعوة نہیں ٹرمپ اور مودی کر رہے ہیں۔ حافظ محمد سعید کا جرم کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ ٹرمپ اور مودی اپنی دہشت گردی چھپانے کے لیے جماعة الدعوة کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پاکستانی قوم اس غیر منصفانہ فیصلے کو ہرگز قبول نہیں کرتی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کرنے والے دہشت گرد نہیں ہوسکتے۔

جماعة الدعوة کا فلاحی کردار سب کے سامنے ہے۔ رفاہ عامہ کے لیے کام کرنا حکومت کا کام ہے، لیکن اس میدان میں جماعة الدعوة ہی موثر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لیے آواز اٹھانا اگر جرم ہے تو ہم یہ جرم کرتے رہیں گے۔ مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے سے کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔