پاکستان کو متفقہ آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دیا اورآئین صوبائی خودمختاری کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے،ہمیں بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے اور مسئلوں کے حل کا پہلا اقدام اٹھارویں ترمیم تھا

وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ کاجامعہ کراچی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب

ہفتہ 11 فروری 2017 23:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 فروری2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ پاکستان کو متفقہ آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دیا اورآئین صوبائی خودمختاری کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے،ہمیں بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے اور مسئلوں کے حل کا پہلا اقدام اٹھارویں ترمیم تھا ،وہ ہفتہ کوجامعہ کراچی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے،وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ حکومت سندھ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کر رہی ہے اور چالیس سال بعد طارق روڈ کی بحالی کا کام شروع ہوا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ کراچی کی ترقی کے لئے 10ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور کراچی کو مزید 10ارب کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی دیں گے ۔انہوںنے کہاکہ پولیس آرڈر 2002کے تحت محکمے میں سیاسی مداخلت کی بات ہوئی ،امن وامان اورپولیس میں سیاسی اثر ورسوخ کی باتیں ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ صوبے مل کر ہی ملک کو مضبوط بناتے ہیں ،پہلے سب کچھ اسلام آباد سے کیا جاتا تھا ،اس سے پہلے کچھ لوگوں نے آئین کو کاغذ کا ٹکڑا قرار دیا ۔

انہوںنے مزید کہاکہ پی پی پی نے آکر اسلام آباد سے پاور کم کرکے صوبوں کو دیئے ، ہمیں کوئی پاور دینا نہ سکھائے اور ہم پاور دینے کے چیمپئن ہیں اورہم پچاس کروڑ مہینہ کراچی کو دیتے ہیں ، جس کا زیادہ بجٹ تنخواہو ں کی مد میں خرچ ہوتا ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ تعلیم کی بہتری حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،ڈیوولیشن پلان کے تحت تعلیم کو نقصان سے دو چار کیا گیا اور تعلیم کی بہتری کے لئے ہم اقدامات کر رہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ 2011 ء تک تقریباً8000 اسکول بند تھے۔انہوںنے کہاکہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں ، پیپلز پارٹی کی نوجوان قیادت ملک کی ترقی میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کر رہی ہے ، تعلیم کے فروغ اور بہتری کے لئے جو بھی کرنا پڑا اس سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ انفرااسٹرکچر کے بغیر ترقی ممکن نہیں ، صوبائی مالیاتی کمیشن قائم ہو چکا ہے اور صوبائی مالیاتی کمیشن کے تحت وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو گی ۔

انہوںنے کہا کہ چاروں صوبوں سے آنے والے طلبہ و طالبا ت کو کراچی آنے پر خوش آمدید کہتا ہوں ۔ انہوںنے مزید کہاکہ بلا خوف و خطر کراچی گھوم پھر سکتے ہیں میں خود بغیر پروٹو کول کے شہر میں گھومتا ہوں ۔وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاکہ کراچی کا امن و امان بڑی قربانیوں کے بعد بحال ہوا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سیاست کو بدنام ترین شعبہ بنا دیا گیا ہے ،بیرونِ ملک اسکول کی سطح پر سیاست پڑھائی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو اختیارات اسمبلی میں قانون سازی کر کے دیئے کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ اختیارات قانون کے منافی ہیں ۔ انہوںنے مزید کہاکہ طلبہ و طالبات سیاست میں آئیں نوجوانوں کی شمولیت سے سیاست میں بہتری ہو گی ، سیاست میں نوجوانوں کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہاکہ سیاست کے پلیٹ فارم سے نوجوان ملک و قوم کی خدمت کر سکتے ہیں ، آپ ہمارا مستقبل ہیں ملک کی ترقی کے لئے اپنی تعلیم پر توجہ دیں ، چین سے زیادہ مرکزی سسٹم کسی ملک کا نہیں ہے ،انہوںنے کہاکہ پڑھ لکھ کر آدمی تعلیم یافتہ تو ہو سکتا ہے ،لیکن قابل نہیں ہو سکتا۔