پی ٹی آئی نے خیبر پختونخواکی عوام کو کرپٹ مافیا کے چنگل سے آزادکیا ،ماضی میں حکمرانوں کا ہر قدم کرپشن اور لوٹ مار کیلئے اُٹھتا تھا، معصوم شاہ حیدر ہوتی کا کمیشن ایجنٹ تھا، ترقیاتی سکیموں ، تبدیلیوں اور تعیناتیوں پر سرعام رقم بٹورنا اُس کا مشن تھا، سوئی گیس کیلئے ادائیگیاں اور وسائل ہم نے فراہم کئے ،ن لیگ والے حواس باختہ ہو کر اس کو اپنے کھاتے میں ظاہر کر رہے ہیں، عوام کو پہلے بھی دھوکہ دیتے تھے اور اب دھوکہ دے رہے ہیں،ہم نے دھوکہ دہی ، فریب ، کرپشن اور اقرباء پروری کی سیاست کو ختم کر دیا ، ملک کے غریب عوام کبھی اسلامی نظام کے نفاذ اور کبھی نیلے پیلے نعروں سے دھوکہ کھاتے آئے ہیں،سیاستدان ملک کو تباہی کی راہ پر ڈالنے میں برابر کے شریک ہیں، نوتشکیل شدہ نے نظام کی تبدیلی سے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اور حقدار کو حق دینا ، میرٹ پر بھرتیاں اور عوامی فلاح کیلئے قانون سازی صوبائی حکومت کا مشن ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا مانکی شریف میں شمولیتی جلسوں سے خطاب

اتوار 12 فروری 2017 22:00

>پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 فروری2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخواکی عوام کو کرپٹ مافیا کے چنگل سے آزادکیا ۔ ماضی میں حکمرانوں کا ہر قدم کرپشن اور لوٹ مار کیلئے اُٹھتا تھا ۔ معصوم شاہ حیدر ہوتی کا کمیشن ایجنٹ تھا، ترقیاتی سکیموں ، تبدیلیوں اور تعیناتیوں پر سرعام رقم بٹورنا اُس کا مشن تھا۔

سوئی گیس کیلئے ادائیگیاں اور وسائل ہم نے فراہم کئے ،ن لیگ والے حواس باختہ ہو کر اس کو اپنے کھاتے میں ظاہر کر رہے ہیں، عوام کو پہلے بھی دھوکہ دیتے تھے اور اب دھوکہ دے رہے ہیں،ہم نے دھوکہ دہی ، فریب ، کرپشن اور اقرباء پروری کی سیاست کو ختم کر دیا ہے۔اس ملک کے غریب عوام کبھی اسلامی نظام کے نفاذ اور کبھی نیلے پیلے نعروں سے دھوکہ کھاتے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

سیاستدان ملک کو تباہی کی راہ پر ڈالنے میں برابر کے شریک ہیں۔ سیاستدان ہر چیز پر سیاست کرتے آئے ہیں۔ نوتشکیل شدہ نے نظام کی تبدیلی سے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اور حقدار کو حق دینا ، میرٹ پر بھرتیاں اور عوامی فلاح کیلئے قانون سازی صوبائی حکومت کا مشن ہے ۔ لوٹ مار کا دور گیا ۔اب عوام کی ترقی و خوشحالی کا دور شروع ہوا ہے ۔ صوبائی حکومت عوامی کاز کے مشن کو تکمیل تک پہنچا کر مفاد پرست سیاستدانوں کی سیاست کی جڑیں اُکھاڑ پھینک چکی ہے۔

صوبے میں ریفارمز سے عوامی خدمت ، کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے ، جوابدہی کے موثر نظام کی بنیاد ڈال دی گئی ہے ۔ تبدیلی اُس کو نظر آئے گی جن کا سکولوں ، ہسپتالوں ، پولیس ، پٹوار اور سماجی خدمات کے شعبوں سے واسطہ پڑتاہے۔ ناظرہ قرآن مجید بمعہ ترجمہ و تفسیرسکولوں میں لازمی قر ار دی جا چکی ہے ۔سودی نظام کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اورقانون سازی کے ذریعے کرپشن اور بد عنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تالہ بندی ہو چکی ہے ۔

وہ مانکی شریف میں جانس خان مہمندکے بھتجے اسرار خان کے بیٹے ابراہیم خان کی دعوت ولیمہ توحید آباد مانکی شریف میں امیر زادہ خان کے استقبالیہ اور پشتون گڑھی میں ویلج ناظم پشتون گڑھی کفایت علی، اقبال شاہ، سبحان اللہ، عاقب غنی، تلاوت خان، احتشام، جہان اللہ، مصباح اللہ، ودود اللہ، ثاقب، حامدسلیم نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی اور دیگر سیاسی جماعت سے مستفعی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میںشمولیتی جلسوں سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک ، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، اسحاق خٹک ، احد خٹک ، ویلج ناظم کفایت علی، مفتی صداقت، اسدخٹک ،صاحبزادہ نے خطاب کیا۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اداروں کی تشکیل نو ، ان سے سیاسی مداخلت کے خاتمے اور ان اداروں کو عوامی خدمات کے کام پر لگادیا ہے ان کو قانونی طور پر خودمختار ی دی ہے تاکہ وہ عوامی مفاد کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں اور ان اداروں پرکھڑی نظر رکھی جارہی ہے تاکہ نظام میں غلطی کی گنجائش نہ ہو ۔

کوئی اس کو اپنے مفاد کیلئے استعمال نہ کر سکے اور اس سے غریب عوام کو ان کا حق ملے۔ اور انصاف کی فراہمی یقینی ہو ۔ کرپشن اور بد عنوانی پر نظر رکھے اور اس کا خاتمہ کرے اور ریفارمز کے نتیجے میں ہونے والے عوامی فلاح کے کام کو مضبوط ، فعال اور شفاف بنائے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارے دور میں ترقیاتی کام میں نہ کوئی کمیشن مانگنے کی جرات کر سکتا ہے اور نہ نئے سسٹم میں غلطی کی گنجائش ہے اور نہ کوئی اپنی ایما ء پر اسے کرپٹ کر سکتا ہے۔

ہمارے دور میں ترقیاتی کام معیاری ہیں ۔ اب ماضی اور موجودہ دور کے ترقیاتی کام میں معیار واضح فرق ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عجیب و غریب ڈرامہ باز سیاسی اُفق پر نئے لبادوں اور نئے نعروں کے ساتھ عوامی کی دھوکہ دہی کیلئے پھر نمودار ہوچکے ہیں ۔ان کا ایجنڈا عوام دشمن ہے۔عوام اُن کے عزائم سے آگاہ ہیں اور ایسے عناصر کا دامن عوامی کی پذیرائی سے خالی ہے ۔

یہ ملک سرمایہ داروں، وڈیروں اور خوانین کیلئے اکیلے نہیںبنا غریب کو بھی جینے کا حق حاصل ہے۔ اُنہیں حق دلانا ہمارا مشن ہے۔اس صوبے کو لائق لوگوں نے ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے ۔ اسلئے نیا وضع کردہ نظام لائق لوگوں کو آگے بڑھنے کی راہ دیتا ہے۔پی ٹی آئی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور اپنے مشن کی مکمل تکمیل کو یقینی بنائے گی ۔

اور نہ صرف خیبرپختونخو ا بلکہ چاروںصوبوں اور وفاق میں عمران خان کی قیادت میں حکومت بنائے گی۔انھوں نے کہا کہ نوشہرہ میں قاضی حسین احمد ہسپتال کیلئے گزشتہ پانچ سالوں میں حیدر ہوتی نے ایک پائی بھی نہیں دی۔ معلوم نہیں کہ وہ کس منہ سے نوشہرہ میں جلسے کررہے ہیں انھوں نے نوشہر کے لیے کیاکیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم تعلیمی نظام کے ذریعے خوشحالی اور ترقی کا آغاز کر چکے ہیں۔

ہم تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں ہمارا مشن عمران خان کے ویژن کے مطابق غریب عوام کی ترقی اور انسانیت کی خدمت میں میں سرمایہ کاری ہے ۔یہی ہمارے عمل سے نظر آر ہا ہے اور ہم اعلانات کی بجائے عمل کو فوقیت دیتے ہیں۔یہی عوام کا ایجنڈا ہے اور اس کو عوامی پذیرائی حاصل ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ماضی میں اسلام کے ٹھیکیداروں نے اسلام کی کیا خدمت کی تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ عملی قدم اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر سرکاری اور نجی سکولوں میں ناظرہ قرآن شریف چھٹی سے بارہویں جماعت تک قرآن مجید کی معنی و تفسیر سرکاری سکولوں میں لازمی قر ار دی جا چکی ہے اس کو قانونی تحفظ دے دیا ہے۔

تاکہ ہماری آنے والی نسل قرآن و سنت اور اسلامی تعلیمات سے بہرہ ور ہو یوں ہم ایک اسلامی فلاحی مملکت کی بنیاد ڈال چکے ہیں۔ہم نے علما ء بورڈ کو اکٹھا کرکے صوبے میں اسلامی تعلیمات اور سکول میں اسلامی تعلیمات کی ترویج اورتعلیمی نصاب کی درستگی کیلئے سفارشات مانگیں ہیں۔ اب اس پر ایک مکمل سٹرکچر کھڑا کرنا ہے اور جب پی ٹی آئی کی حکومت پورے ملک میں آئے گی تو ہم تصور پاکستان کو عملی شکل دیں گے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے سودی نظام کے خاتمے کیلئے قانون سازی کی تاکہ استحصالی سوچ کو دفن کیا جا سکے ۔ اب اس عمل میں کوئی گنجائش باقی نہیں اور اس پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔ سودی نظام میں ملوث ہونے پر گرفتاریاں ہو رہی ہیں اور غریبوں کا استحصال ختم کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں بچوں کی تعلیم کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ہما را تبدیلی کا ایک پوائنٹ ایجنڈا ہے اور اس پر پیشرفت نے دو نمبری سیاستدانوں کا جینا حرام کردیا ہے۔

اُنہیں اپنے سیاسی کشتی ڈوبتی نظر آرہی ہے۔ہم نے اطلاعات تک رسائی کے قانون سے حکمرانی کو شفاف بنا دیا ہے۔رائٹ ٹو سروسز قانون کے تحت خدمات کو ٹائم بائونڈ بنا دیا ہے جبکہ وسل بلور قانون کے تحت کرپشن کو تالہ لگا دیا ہے جبکہ کنفلکٹ آف انٹرسٹ کے تحت وزیراعلی، وزراء، ایم پی ایز، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹریز نہ کاروبار کرسکتے ہیں اور نہ اختیارات سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے خود ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک کے نام گیس کے منصوبوں کے خطوط ارسال کئے گیس کے لیے بارہ کروڑ روپے کا فنڈ صوبائی حکومت نے فراہم کیا۔ دائود خٹک جمعہ جمعہ اٹھ دن ہوئے ہیں کہ مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے ہیں وہ اور امیر مقام این اے پانچ کو سوئی گیس کی فراہمی کے دعوے کررہے ہیں وہ عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے اے این پانچ کوسو گیس کی فراہمی پر دو سال کاعرصہ لگا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بچوں کے سکول نہ آنے پر اُن کے والدین کو جرمانہ اور سزا دی جائے گی ۔دُنیا میں ترقی اور خوشحالی کا پیمانہ تعلیم ہے۔ ہم نے تعلیم کو اپنی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بنا کر فرق ڈال دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں نے عمران خان کو اس فرسودہ استحصالی نظام کے خلاف ووٹ دیا تھا تاکہ اُن کے حقوق محفوظ ہوں۔ میرٹ پر فیصلہ سازی اور بھرتیاں ہوںاور ہم نے یہ کر دکھایا ہے ۔

40 ہزار اساتذہ اور پولیس اہلکار میرٹ پر بھرتی کئے گئے ہیں ۔ڈاکٹروں کی کمی پوری کر دی ہے۔ انصاف کارڈکے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس سے غریب لوگوں کو 3 سے ساڑھ 5 لاکھ روپے تک علاج معالجے کی مفت سہولیات میسر ہو ں گی ۔پشاور ویلی کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے 13 ارب روپے دریائے کابل کے دونوں پشتوں کی تعمیر پر خرچ کئے جارہے ہیں۔

جس سے پشاور ، نوشہرہ ، چارسدہ سیلاب سے محفوظ ہو سکے گا۔لوکل گورنمنٹ سسٹم کو صوبے کے ترقیاتی بجٹ کا ایک تہائی حصہ بمعہ اختیارات ٹرانسفر کئے تاکہ لوگ مقامی سطح پر اپنی ترقیاتی حکمت عملی پلان کرسکیں۔ ترقیاتی عمل پورے صوبے میں جاری ہے تاکہ ہر کسی کو بلا تفریق اس کے اثرات پہنچ سکیں۔ہمارا مشن عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ غریب عوام کی خدمات تک رسائی ہمارا مشن ہے اور اس مشن کو مکمل کرکے ہی چھوڑیں گے ۔

دُنیا میں خوشحالی وترقی اسلئے ہے کہ وہاں لوگوں کے حقوق محفوظ ہیں۔ کوئی کسی کا حق نہیں مار سکتا ۔ ہم نے بھی سسٹم کو اسی ڈگر پر ڈال دیا ہے اور اپنی ساری عمر کے تجربات کو عوامی فلاح کے مشن کیلئے بروئے کار لا رہا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ دوسروں میں غلطیاں نکالنا برا فعل ہے۔ خود احتسابی کے ذریعے اور اپنے عمل سے ثابت کریں اور اپنے عمل سے اپنے آپ کو ٹھیک کریں گے ۔

انہوںنے اُمید ظاہر کی کہ عوام ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر اچھے فیصلے کریں گے اور تبدیلی کے عمل کو دیر پا ، مضبوط اور سہل بنا کر دوسروں کو اپنے قافلوں میں شریک کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوامی خدمت کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لوں گا۔پرویز خٹک نے نئے شامل ہونے والوں کاخیر مقد م کیا۔ انھوں نے پشتون گڑھی بائی پاس، پشتونگڑھی ہائی ٹرانسمیشن لائن ہٹانے اور سپاس نامے میں پیش کیے گئے تمام مطالبا ت کی منظوری دیتے ہوئے ان منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کااعلان کیا۔