شرجیل خان سے بات ہوئی اس نے میچ فکسنگ کی تردید کی ہے ،والد کا دعویٰ

پی سی بی نے شک کی بنیاد پر شرجیل خان کے خلاف کارروائی کی ہے، ہوسکتا ہے ہوٹل کی لابی میں کسی مشتبہ شخص سے ملاقات کی ہو لیکن کسی کے ماتھے پر تو نہیں لکھا ہوتا کہ کون صحیح ہے اور کون غلط ہے شرجیل خان کو اپنے ہاتھوں سے کرکٹ سکھائی ہے اور لوگ اسے کھیلتا دیکھنا پسند کرتے ہیں ، سہیل خان

پیر 13 فروری 2017 18:08

شرجیل خان سے بات ہوئی اس نے میچ فکسنگ کی تردید کی ہے ،والد کا دعویٰ
حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2017ء) کرپشن کے الزام میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے باہر ہو جانے والے شرجیل خان کے والد سہیل خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی شرجیل خان سے بات ہوئی ہے جس نے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کی تردید کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل خان نے کہا کہ پی سی بی نے شک کی بنیاد پر شرجیل خان کے خلاف کارروائی کی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شرجیل خان ایک معروف کرکٹر ہے اور روزانہ کی بنیاد پر بہت سے لوگوں سے ملاقات کرتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ انہوں نے ہوٹل کی لابی میں کسی مشتبہ شخص سے ملاقات کی ہے، لیکن کسی کے ماتھے پر تو نہیں لکھا ہوتا کہ کون صحیح ہے اور کون غلط ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’’جس ہوٹل میں شرجیل خان ٹھہرے ہوئے ہیں اس کے 1500 کمرے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ممکن ہے کہ شرجیل خان نے لابی میں کسی سے ملاقات کی ہو۔

‘‘سہیل خان کا کہنا تھا کہ شرجیل خان قومی کرکٹر ہے اس لئے بہت سے لوگ اس سے ملنے کی خواہش کرتے ہیں اور اس بات کا پتہ لگانا ممکن نہیں ہے کہ کون صحیح شخص ہے اور کون غلط ہے۔ ’’میں نے شرجیل خان سے بات کی ہے اور اس نے کچھ بھی غلط نہیں کیا ہے۔شرجیل خان کے والد کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے بیٹے کے بارے میں بہت زیادہ تحقیق کی ہے لیکن وہ برے کردار کا مالک نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’’میں نے شرجیل خان کو اپنے ہاتھوں سے کرکٹ سکھائی ہے اور لوگ اسے کھیلتا دیکھنا پسند کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے امید ظاہر کی جب اس معاملے کی تحقیقات ہوں گی تو ان کا بیٹا بے قصور ثابت ہو گا۔

متعلقہ عنوان :