ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تاخیر اور مالی بے ضابطگیوں پر سخت تحفظات کا اظہار

مالی سال کے آخری دن 100ملین کے مزید فنڈز جاری ہونا باعث تعجب ہے،پی ایس ڈی پی کیلئے جاری بجٹ قوم کی امانت ہے،ترقیاتی منصوبوں کے بروقت مکمل نہ ہونے کی بناء پر مزید فنڈز کا تقاضا کرنے کے رحجان کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے

پیر 13 فروری 2017 19:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2017ء) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی کوآرڈینیشن کے ممبر ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے نارووال اسپورٹس کمپلیکس کے بروقت مکمل نہ ہونے اور مالی بے ضابطگیوںپر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرامز (پی ایس ڈی پی) کیلئے جاری کردہ بجٹ قوم کی امانت ہے،ترقیاتی منصوبوں کے بروقت مکمل نہ ہونے کی بناء پر مزید فنڈز کا تقاضا کرنے کے رحجان کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔

سوموار کو قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی کوآرڈینیشن کو اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں آیندہ مالی سال برائے 2017-18ء کیلئے ترقیاتی منصوبے شامل کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، اس موقع پروفاقی وزیر برائے بین الصوبائی کوآرڈینیشن ریاض حسین پیرزادہ، قائمہ کمیٹی چیئرمین عبدالقہار خان ودان، رانا محمد افضل خان، مولانا امیرزمان ، بیگم طاہرہ بخاری، صبیحہ نذیر سمیت دیگر کمیٹی ممبران اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش کمار نے سی ڈی ڈبلیو پی سے منظور کردہ ترقیاتی منصوبے میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیلئے پی ایس ڈی پی کے تحت 732ملین روپے کے مختص کردہ فنڈ کو بڑھا کر 2498ملین روپے کردیا گیا ہے، 36مہینے کے دورانئے پر مبنی پراجیکٹ کو 17دسمبر2012ء میں مکمل ہونا تھا لیکن پراجیکٹ پر نظرثانی کرتے ہوئے دورانیہ 84مہینے کا کردیاگیا، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے اس امر پر تعجب کا اظہار کیا کہ 30جون 2016ء کو پراجیکٹ مکمل کرنے کی نئی ڈیڈلائن تھی، بجائے پراجیکٹ مکمل کرنے کے مالی سال کے آخری دن ایک سال کی مزید توسیع دیتے ہوئے 100 ملین روپے اور جاری کردیئے گئے،اب تک نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیلئے ابتدائی طور پرمختص رقم 732ملین روپے سے ڈبل 1496ملین کے فنڈز جاری ہوچکے ہیں، انہوں نے استفسار کیا کہ نارووال اسپورٹس کمپلیکس پراجیکٹ کو فنانشل سال کے آخری دن بروقت تکمیل نہ ہونے پربجائے بازپرس کرنے کے تمام متعلقہ سرکاری اداروں نے کلیئر کرتے ہوئے مزیدفنڈز کیسے جاری کیے، اس حوالے سے اجلاس میں شریک حکام کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکے اورجواب کیلئے آئیندہ کے اجلاس تک کیلئے مہلت مانگ لی۔

اس موقع پرقائمہ کمیٹی ممبران کو مزیدبتایا گیا کہ نارووال اسپورٹس کمپلیکس پر 70فیصد تعمیراتی کام مکمل ہے، جس پر کمیٹی ممبران کی جانب سے اس دعویٰ کی تصدیق کیلئے نارووال کا دورہ کرکے بذات خود کام کا جائزہ لینے کی تجاویز کا بھی تبادلہ ہوا۔ اجلاس میں پی ایس بی دبئی میچ فکسنگ ، بین الصوبائی نیشنل گیمز سمیت دیگر امور بھی زیربحث آئے۔