وزیر اعظم نے اعزازاحمدچوہدری کو واشنگٹن میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے کی منظوری دیدی

اعزاز احمد چوہدری مارچ میں اپنے نئے عہدے کی ذمہ داری سنبھالیں گے

بدھ 15 فروری 2017 23:13

وزیر اعظم نے اعزازاحمدچوہدری کو واشنگٹن میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) وزیر اعظم نے اعزازاحمدچوہدری کو واشنگٹن میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ،ْاعزاز احمد چوہدری مارچ میں اپنے نئے عہدے کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔وزیراعظم کی جانب سے اعزاز احمد چوہدری کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا، اعزازاحمدچوہدری مارچ میں اپنے حالیہ عہدے کی مدت پوری کریں گے اور مارچ میں ہی اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

اعزاز چوہدری دسمبر 2013 سے سیکرٹری خارجہ کے عہدے پر تعینات ہیں اور ان کے عہدے چھوڑنے کے بعد تہمینہ جنجوعہ سیکریٹری خارجہ بن جائیں گی جن کی تعیناتی کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے ،ْاعزاز چوہدری سیکرٹری خارجہ کے عہدے پر فائز ہونے سے قبل وزارت خارجہ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت خارجہ میں رہتے ہوئے اعزاز چوہدری ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے اقوام متحدہ اور ڈائریکٹر جنرل ریلیشنز برائے جنوبی ایشیائی ممالک بھی رہ چکے ہیں۔

ان عہدوں پر رہنے کی وجہ سے وہ بھارت کے ساتھ امن عمل میں کافی سرگرم رہے ۔قبل ازیں اعزاز چوہدری نیدرلینڈز میں پاکستانی سفیر بھی تعینات رہ چکے ہیں جبکہ وہ پاکستان مررڈ ٹو ڈچ آئیز کے نام سے کتاب بھی لکھ چکے ہیں۔اس کے علاوہ اعزاز چوہدری اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔اعزاز چوہدری 27 فروری 1958 کو پیدا ہوئے، انہوں نے فلیچر اسکول آف لاء اینڈ ڈپلومیسی، میڈ فورڈ ، میساچیوسٹس سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی جبکہ بیچلر آف سائنس کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی لاہور سے حاصل کی۔جلیل عباس جیلانی کو نومبر 2013 میں امریکا میں پاکستانی سفیر تعینات کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :