حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ،ثروت اعجاز قادری

دہشتگرد مزارات اولیاء پر دہشتگردی کرکے ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانا چاہتے ہیں دہشتگردی کے خلاف آخری سانس تک لڑیں گے ،دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کو عبرت کا نشانہ بنانا ہوگا

جمعرات 16 فروری 2017 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2017ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد مزارات اولیاء پر دہشتگردی کرکے ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانا چاہتے ہیں ،دہشتگرد امن وسلامتی کے محوراور روحانیت کے مینار پر دہشتگردی کرکے امن محبت بھائی چارگی کے فروغ کے فلسفے کو ختم نہیں کرسکتے ،مزار لعل شہباز قلندی پر خود کش حملہ کھلی دہشتگردی ہے ،دہشتگردوں کو انہی کی زبان میں نمٹنا ہوگا ،پوری قوم کے دل افسردہ ہیں انہوں نے کہا کہ60سے زائد زائرین شہید اور 170سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ لاہور واقعہ کے بعد ہائی الرٹ کیا گیا مزارات اولیاء کو کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی دہشتگردخود کش بمبار کا مزار کے احاطے میں داخل ہوجانا پولیس سیکیورٹی پر سوالیہ نشان ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لعل شہیباز قلندر کے مزار پر خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ یکے بعد دیگرے دہشتگردی کے واقعات نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے ،دہشتگردی کے خلاف آخری سانس تک لڑیں گے ،دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کو عبرت کا نشانہ بنانا ہوگا ،انہوں کا کہنا تھا کہ جمعرات کو مزار پر عوام کا رش زیادہ ہوتا عوام فاتحہ خوانی اور اپنی منتوں کیلئے جمعرات کے روز مزار پر کثرت سے آتے ہیں دہشتگردوں نے جمعرات مغرب کے بعد دہشتگردی کی جبکہ لعل شہباز قلندر کے مزار پر جمعرات کو بعد نماز عصر سے ہی ہجوم ہونا شروع ہوجاتا ہے ،دہشتگردوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں دہشتگردوں کو عبرت کا نشان بنانے کیلئے پر عزم ہیں ،حکومت زخمیوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے زخمیوں کو اسپتالوں میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں ،پاکستان سنی تحریک اپنے لائحہ عمل کا اعلان مکمل معلومات حاصل ہونے پر کریگی۔