Live Updates

مصطفی کمال کے انکشافات کافی سنجیدہ ہیں،بیانات میں حقیقت ہے تو جوڈیشل کمیشن بناکر حقائق سامنے لائے جائیں

این اے 153 کے ضمنی الیکشن میں سرکاری مشینری اور وسائل استعمال کرکے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ضمنی الیکشن کے دوران فوج تعینات کی جائے،تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ملتان میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 فروری 2017 22:50

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے باغی رہنما مصطفی کمال کے انکشافات کافی سنجیدہ ہیں۔بیانات میں حقیقت ہے تو جوڈیشل کمیشن بناکر حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔این اے 153 کے ضمنی الیکشن میں سرکاری مشینری اور وسائل استعمال کرکے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے ضمنی الیکشن کے دوران فوج تعینات کی جائے۔وہ پیر کے روز ملتان پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ مصطفی کمال نے جو انکشافات کئے ہیں وہ قومی اہمیت کے حامل ہیں۔پاکستان کی ریاست پر ایک ضرب لگی ہے۔

(جاری ہے)

اگر یہ انکشافات حقیقت پر مبنی ہیں تو جوڈیشل کمیشن بنایا جائے تاکہ قوم کے سامنے حقائق لائے جاسکیں۔

این اے 153کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے امیدوار کی پوزیشن اگرچہ مضبوط نہیں ہے لیکن ضمنی الیکشن میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔این اے 153میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے،اس لیے الیکشن کے دوران فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت میں سکیورٹی خدشات ہیں۔دریں اثنائ تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے ملتان پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم اور جنرل سیکرٹری مرزاندیم سمیت پوری ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات