درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر سہیون شریف تمام مذاہب کیلئے قابلِ احترام ہے، پاکستان ہندو کونسل کا مقامی ہندوؤں سے فوری طور پر زخمیوں کو خون دینے کی اپیل، سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا ہنگامی بیان

جمعرات 16 فروری 2017 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 فروری2017ء) پاکستان ہند وکونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر سہیون شریف پر حملے کو انسانیت پر حملہ قرار دیا ہے، اپنے ہنگامی بیان میںپاکستان ہندو کونسل کے سربراہ نے مقامی ہندوؤں سے فوری طور پر زخمیوں کو خون دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ درگاہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کیلئے قابلِ احترام ہے اور صدیوں سے امن و آشتی کی علامت کے طور پر جانی جاتی ہے، انہوں نے سندھ بھر کے ہندؤں سے استدعا کی کہ وہ زخمیوں کی مدد کیلئے سرگرم امدادی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور فوری طور پرخون کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ دہشت گردی حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا مزید ضیاع روکا جاسکے۔