واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام اسلام آباد کے ایک سکول کے طلبہ کے اعزاز میں تقریب

حالیہ برسوں میں پاک امریکہ تعلقات میں واضح بہتری آئی، دہشتگردی کے خلاف کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے،سفیر جلیل عباس جیلانی کا تقریب سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 12:23

واشنگٹن ۔ 17فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام اسلام آباد کے ایک سکول کے طلبہ کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے امریکا میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے تقریب سے خطاب کیا اور پاکستانی طلبہ کو امریکا میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے فرداً فرداً تمام طلبہ سے ملاقات کی اور ان کی ذہانت و قابلیت کی تعریف کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ کو گذشتہ 7عشروں کے دوران پاک امریکا تعلقات بارے بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ چند سال کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات میں واضح بہتری آئی ہے اور دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر جاری کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے ایک نجی سکول کے 20طلبہ نارتھ امریکن انوی ٹیشنل ماڈل نیشنز پروگرام کے تحت امریکا کے دورے پر ہیں۔ یہ پروگرام 16تا 19فروری کو منعقد کیا جا رہا ہے اور اس میں 40ممالک سے 3500طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔