سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کے ممبران کا چیئرمین مشاہد حسین سید کی قیادت میں ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد اور پاکستان ائیر و ناٹیکل کمپلیکس کامرہ کا دورہ

کمیٹی ممبران کو پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں اور طیارہ سازی بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی

جمعہ 17 فروری 2017 23:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کے ممبران نے چیئرمین مشاہدحسین سید کی قیادت میں ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ بعد ازاں کمیٹی ممبران کو پاک فضائیہ کے کردار اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اپنے ابتدائی کلمات میں ائیر چیف نے کمیٹی ممبران کو خوش آمدید کہا اور انہیں مادر وطن کی فضائی حدود کی حفاظت کی خاطر پاک فضائیہ کے کردار سے آگاہ کیا۔ ائیر چیف نے اس موقع پر پاک فضائیہ کے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔مشاہدحسین سید نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی نہ صرف تعریف کی بلکہ قومی سلامتی میں نمایاں کردار کو بھی بے حد سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاک فضائیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے دنیا کی بہترین فضائی قوت قرار دیا۔ بعد ازاں کمیٹی نے پاکستان ائیر و ناٹیکل کمپلیکس کامرہ کا دورہ کیا جہاں چیئرمین پی اے سی کامرہ ارشد ملک نے ان کا استقبال کیا۔ کمیٹی کو پی اے سی کامرہ میں طیارہ سازی پر ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔ اس دورے کے دوران کمیٹی نے جے ایف 17 تھنڈر کی تیاری کے مختلف مراحل کا معائنہ بھی کیا اورپاکستان ائیر و ناٹیکل کمپلیکس کامرہ کی دفاعی پیداوار میں خود کفالت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں اس کے اعلی مقام کی تعریف کی۔