ملک بھر کے مزاروں کو بند کرنے سے دہشت گردی ختم نہیں ہو گی ،ْ شاہ محمود قریشی

کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات نہ کرنے سے دہشت گردوں کے حوصلے کو تقویت ملی ہے ،ْ پی ٹی آئی رہنما حکومت سیہون شریف کے دھماکے میں شہید اور زخمی ہونیوالوں کے لواحقین کو معاوضہ فراہم کرے ،ْمیڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 فروری 2017 14:47

ملک بھر کے مزاروں کو بند کرنے سے دہشت گردی ختم نہیں ہو گی ،ْ شاہ محمود ..
سیہون شریف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے مزاروں کو بند کرنے سے دہشت گردی ختم نہیں ہو گی ،ْ کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات نہ کرنے سے دہشت گردوں کے حوصلے کو تقویت ملی ہے، حکومت سیہون شریف کے دھماکے میں شہید اور زخمی ہونیوالوں کے لواحقین کو معاوضہ فراہم کرے ۔

ہفتہ کو تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سیہون شریف مزار پر حاضری دی اور وہاں پر مزار کا جائزہ لیا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیہون شریف میں دھماکے کے بعد یہاں کے حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا تھا کیو نکہ یہاں پر لوگ پڑے ہوئے تھے تاہم انہیں علاج کے لئے طبی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی تھیں ، اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی ستم ظریفی یہ ہے کہ دھماکے میں شہید اور زخمی ہو نیوالوں کے لواحقین کو کوئی معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا جو سمجھ سے بالا تر ہے ۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سیہون شریف دھماکے میں شہید اور زخمیوں کے لواحقین کو معاوضہ فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بی بی پاک دامن ، عبداللہ شاہ غازی اور بری امام سمیت ملک بھر کے مزاروں کو بند کرنے سے دہشت گردوں کا مقابلہ نہیں ہو گا حالانکہ دہشت گردوں کا مقابلہ انہیں آستانوں کا فلسفہ ہے ، فوری طو رپر ان درباروں کو کھولا جائے اور درباروں کے باہر سکیورٹی فراہمی کی جائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں ان کے ساتھ مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں ایسے لوگوں کیخلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے تاہم دہشت گردوں کا تعین کر نے کے لئے پوری قوم کو متعد ہونا ہوگا ،ْ وفاق صوبوں اور ہر سیاسی جماعت میں اس معاملے پر اتفاق رائے ضروری ہے ، پنجاب حکومت کو بھی حقیقت پسندانہ پالیسی اختیار کرنی ہو گی کیونکہ پنجاب کی تحصیل خانیاں میں چھ دہشت گردوں کو مارا گیا ، آخر پنجاب میں بھی دہشت گرد موجود ہیں تو ہی ان کو مارا گیا ۔

ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ چوہدری نثار اکیلے کو دہشت گردی کی لہر کا نشانہ بنانا مناسب نہیں ، پورے وفاق نے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرکے نیشنل ایکشن پلان باہمی مشاورت سے تیار کیا تھا تاہم بدقسمتی سے وفاق نے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جو کہ حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے ، اس کے علاوہ کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات بھی نہیں ہوئیں جن سے دہشت گردوں کے حوصلے کو مزید تقویت ملی۔