پاکستان میں جیمز اینڈ جیولری کے شعبے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہی ، اب تک37 انٹرنیشنل جیمز اینڈ جیولری کی ایگزیبیشن کا انعقاد کیاگیا ،ان میں سے 17 پشاور میں کرائی گئیں، 13 اپریل سے 16اپریل 2017ء تک لاہور میں بین الاقوامی جیمز اینڈ جیولری نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے

پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بختیار خان کی سرحد چیمبر کے قائمقام صدرسے گفتگو

ہفتہ 18 فروری 2017 18:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام محمد اقبال سے پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بختیار خان نے چیمبر ہائوس میں ملاقات کی۔ا س موقع پر سرحد چیمبر کے نائب صدر عابد اللہ خان یوسفزئی ،ْ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر عاطف رشید خواجہ اور جیمز اینڈ جیولری انسٹی ٹیوٹ پشاور کے پرنسپل الیاس شاہ بھی موجود تھے ۔

پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بختیار خان نے سرحد چیمبر کے قائمقام صدر محمد اقبال کو کمپنی سے متعلق معلومات فراہم کیںاور بتایا کہ پاکستان میں جیمز اینڈ جیولری کے شعبے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے اور اس کمپنی کے تحت ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اور کمپیوٹر ڈیزائننگ کے ذریعے روایتی اور آٹو فیشل جیولری کو فروغ دے کر ایکسپورٹ کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک37 انٹرنیشنل جیمز اینڈ جیولری کی ایگزیبیشن کا انعقاد کیاگیا ہے جس میں سے 17 پشاور میں کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 13 اپریل سے 16اپریل 2017ء تک لاہور میں بین الاقوامی جیمز اینڈ جیولری نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں پوری دنیا سے جیمز کے شعبے سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد شرکت کریں گے۔ ا نہوں نے بتایا کہ جیمز اینڈ جیولری کمپنی کے تحت ملک بھر میں 6انسٹی ٹیوٹ قائم کئے گئے ۔

انہوں نے سرحد چیمبر کے قائمقام صدر محمد اقبال سے درخواست کی کہ پشاور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لئے پی سی ایس آئی آر سے جگہ کیلئے موثر انداز میںبات چیت کی جائے تاکہ اس سیکٹر کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے جیمز کے کاروباری سے وابستہ افراد کو آسان شرائط پر قرضوں کے حصول کیلئے سرحد چیمبر کی جانب سے اپنا موثر کردار ادا کرنے کی درخواست بھی کی ۔

سرحد چیمبر کے قائمقام صدر محمد اقبال نے قیمتی پتھروں اور جیولری کے شعبے کے فروغ کے لئے جیمز اینڈ جیولری کمپنی کے کردار اور افادیت کو سراہا ۔ انہوں نے کمپنی پر زور دیا کہ وہ خیبر پختونخوا میں جیمز اینڈ جیولری کے شعبے کے فروغ کیلئے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر ایگزیبیشنز کا انعقاد کرے اور اس شعبے سے وابستہ کاروباری افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کمپنی کے سی ای او سے کہا کہ وہ جیمز اینڈ جیولری انسٹی ٹیوٹ کیلئے پی سی ایس آئی آر سے جگہ کے حصول کے لئے اُنہیں تحریری طور پر اپنی تجاویز اور سفارشات پر مبنی خط لکھیں تاکہ وہ اس حوالے سے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور پی سی ایس آئی آر کے اعلیٰ حکام کے ساتھ باضابطہ بات چیت اور رابطہ کرسکیں۔ انہوں نے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر سے وابستہ افراد کو آسان شرائط پر قرضوں کے حصول کے حوالے سے بھی اُنہیں یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں بینک آف خیبر اور دیگر کمرشل بینکوں کے ساتھ رابطہ کریںگے تاکہ اس سیکٹر سے تعلق رکھنے والے افراد کو مالی معاونت فراہم کرکے جیمز کے شعبے کو ترقی دی جاسکے۔

انہوں نے جیمز اینڈ جیولری کے شعبہ کے فروغ کیلئے آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹر ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا اور کہاکہ آپشیا کے بیشتر ممبران اس سیکٹر کی ترقی کیلئے سرحد چیمبر کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے سرحد چیمبر کی جانب سے جیمز اینڈ جیولری کمپنی کو اپنے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا ۔