باہمت اور پرعزم قوم کو بزدل دشمن شکست نہیں دے سکتا‘ دہشت گردوں کو عظیم پاکستانیوں کے بہائے گئے خون کے ہر قطرے کا حساب دینا ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 18 فروری 2017 20:45

باہمت اور پرعزم قوم کو بزدل دشمن شکست نہیں دے سکتا‘ دہشت گردوں کو عظیم ..
لاہور۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو عظیم پاکستانیوں کے بہائے گئے خون کے ہر قطرے کا حساب دینا ہوگا، والدین سے ان کے لخت جگر چھیننے والے قاتل دہشت گردوں کا صفایا کرکے دم لیں گے، میں شہداء کے اہل خانہ سے ملا ہوں اور ان کا حوصلہ اور عزم نہایت بلند اور مضبوط ہے، زخمیو ںسے ملاقات کے دوران دہشت گردی کی جنگ میں انہیں پہلے سے بھی زیادہ پرعزم پایا ہے۔

شہداء کے ورثاء کو تمام رنج کے باوجود جذبہ حب الوطنی سے معمور دیکھا ہے۔وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ باہمت اور پرعزم پاکستانی قوم کو بزدل دشمن شکست نہیں دے سکتا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمیں اپنی بقا کی خاطر ہر قیمت پر جیتنا ہے اور ہمیں یہ جنگ آخری دہشت گر د کے خاتمے تک مل کر لڑنی ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کی جنگ میں پاکستانیوں کے بہنے والے خون کے ایک قطرے کو بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے اور آنے والی نسلوں کو پرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان دینے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں دھماکہ پاکستان کے دشمنوں کی گھناؤنی سازش ہے۔ دہشت گردی کے اس واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہیدڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین، شہید ایس ایس پی زاہدگوندل اورپولیس اہلکاروں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کی ہیں۔

شہید ہونے والے پولیس کے بہادر افسروں اور اہلکاروں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ دیگر شہریوں کی شہادت پر بھی دلی صدمہ ہوا ہے ۔ قوم شہداء کی لازوال قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے دشمنوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔ دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک سرزمین کو پاک کر کے رہیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم ضرور سرخرو ہو گی۔

متعلقہ عنوان :