سائنس وٹیکنالوجی کی ترقی نے دنیا کو گلوبل ویلج بنادیا ہے، ڈاکٹر خالد عراقی

منگل 21 فروری 2017 19:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 فروری2017ء) جامعہ کراچی کے رئیس کلیہ نظمیات وانصرام پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہاکہ عالمگیریت کے جدید تقاضوں کی تکمیل کے تناظر میںسائنس وٹیکنالوجی کی ترقی نے دنیا کو گلوبل ویلج بنادیا ہے۔چنانچہ روایتی تعلیم سے انحراف کرتے ہوئے جامعات میں عصری تقاضوں کے مطابق جاب اورینٹڈنصاب(Curriculum ) کی تشکیل کے عملی اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ طلباوطالبات کو جدید نصابی تدریس کی روشنی میں عمومی طلب سے ہم آھنگ کیا جاسکے۔

چنانچہ اس عمل سے طلبہ کی خوابیدہ صلاحیتوں کونہ صرف جلا دی جاسکتی ہے بلکہ اساتذہ تدریس کے ساتھ فکری عملی تربیت بھی بطریق احسن انجام دیتے ہیں۔ فیکلٹی اپنے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم وعملی تربیت فراہم کررہی ہے،جس میں کارپوریٹ سیکٹر کے لئے مارکیٹنگ ،پروڈکشن ،پبلسٹی، سیلزاورایچ آر کے جدید رجحانات کے مطابق تعلیم کے باعث فارغ التحصیل طلبہ کو ملازمت کے حصول میں قطعی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا،بلکہ برائٹ طلبہ کو فائنل ایئر میں ہی آفرز مل جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام منعقد ہ ’’انٹرن شپ اور جاب فیئر ‘‘ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئر مین شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نے کہا کہ شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی جانب سے انٹرن شپ اور جاب فیئر کے ساتھ ساتھ کیمپس میں کرکٹ میچ کا بھی انعقاد کیا گیا ہے جولائق تحسین ہے۔

دو روزہ پروگرامیں 50 سے زائد سرکاری ونجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیز نے شرکت کرتے ہوئے طالبعلموں سے موقع پر انٹرویوں اور اسسمنٹ ٹیسٹ لئے۔ہمارے طلبہ انتہائی قابل ہیں اگرانہیں صحیح مواقع فراہم کئے جائیں تووہ زندگی کے ہر شعبہ میں اپنا لوہا منواسکتے ہیں اور شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن اپنے طلبہ کو اپنا لوہا منوانے کے لئے بھرپورمواقع فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہتاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر میں ایگزیکیٹو کی کثیر تعداد میں شرکت ہمارے لئے باعث طمانیت اور حوصلہ افزائی ہے۔

متعلقہ عنوان :