ضلع ڈیرہ غازیخان کے 411 تعلیمی اداروں میں بجلی کی فراہمی کیلئے سولر پینل نصب کیے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر

بدھ 22 فروری 2017 23:29

ڈی جی خان۔22 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) ضلع ڈیرہ غازیخان کے 411تعلیمی اداروں میں بجلی کی فراہمی کیلئے سولر پینل نصب کیے جائیں گے ، فزیبلٹی سٹڈی اور تخمینہ ایک ہفتے کے اندر فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ․ خادم پنجاب سکولز پروگرام کے تحت پرائمری سکولوں میں مزید 1401 کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے ․ کمپیوٹر اور آئی ٹی لیبز کے قیام کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے ․ اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں کیاگیا․ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ․ ترقیاتی پراجیکٹ معیار کو قائم رکھتے ہوئے مقررہ معیاد کے اندر مکمل کیے جائیں ․ وہ ہفتہ میں تین روز جاری ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر جائزہ لیں گے ․ مٹیریل کے معیار اور دیگر خامیوں پر کارروائی کی جائے گی․ اجلاس کو بتایاگیاکہ ضلع ڈیرہ غازیخان کے 411ایلیمنٹری و سکینڈری سکول ان علاقوں میں قائم ہیں جہاں بجلی کی سہولت میسر نہیں ․ متبادل انتظام کیلئے سولر پینل کی تنصیب پر کام کیا جارہاہے ․ اجلاس کو بتایاگیاکہ ضلع ڈیرہ غازیخان میں سکول ایجوکیشن پروگرام کے تحت تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کی فراہمی کے سات منصوبوں پر 40 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں ․ بجلی ، پانی اور بیت الخلاء سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کی 24سکیموں پر ایک کروڑ 34لاکھ 32ہزار روپے خرچ کیے جار ہے ہیں ․ خطرناک قراردی جانے والی سکولوں کی عمارتوں کی دوبارہ تعمیر کے 17منصوبوں پر پانچ کر وڑ 45لاکھ 50 ہزار روپے کا تخمینہ لگایاگیا ہے جن میں سے چھ منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں ․ 20کروڑ 20لاکھ روپے کی لاگت سے تعلیمی اداروں میں سائنس اور آئی ٹی لیبز قائم کی جائیں گی اور یہ عمل 31مارچ تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ․ کیڈٹ کالج فورٹ منرو کے قیام پرایک ارب روپے سے زائد کا تخمینہ لگایاگیاہے جن میں سے دس کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :