سعودی عرب نے تعمیر نو کے لیے 10 ارب ڈالر دئیے، یمنی صدر

رقم بنیادی سہولیات بجلی ، پانی ، صحت ، تعلیم ، سڑکیں اور ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبوں پرخرچ کی جائے،حکام کو ہدایت

جمعرات 23 فروری 2017 13:33

سعودی عرب نے تعمیر نو کے لیے 10 ارب ڈالر دئیے، یمنی صدر
صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2017ء) یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی نے سعودی عرب کی جانب سے دس ارب ڈالر پیش کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہادی نے یہ بات اپنے زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران بتائی جس میں وزیراعظم احمد عبید بن دغر کے علاوہ کئی صوبوں کے گورنروں نے شرکت کی ان میں عدن ، تعز ، صنعاء ، لحج ، ابین ، الضالع ، شبوہ ، البیضاء اور سقطری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ہادی کے مطابق دس ارب ڈالر میں دو ارب مرکزی بینک کی سپورٹ اور آٹھ ارب جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے ہیں۔ہادی نے یمنی حکومت کو ہدایت کی کہ بنیادی سہولیات مثلا بجلی ، پانی ، صحت ، تعلیم ، سڑکیں اور ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبوں کو ترجیح دی جائے۔یمنی صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد قوتوں کے ساتھ ہماری جنگ جاری ہے جو حوثی اور صالح ملیشیاؤں اور ان کے معاونین کی شکل میں ہمارے سامنے ہیں۔ آخرکار فتح ہماری ہو گی اس لیے کہ ہم حق کے داعی ہیں اور ہم اپنے دیس میں تعمیری منصوبوں اور وطن کے مستقبل کے لیے اپنی تمام تر کوششیں اور صلاحتیں صرف کر رہے ہیں۔