آصف زرداری اور فریال تالپور کے گٹھ جوڑ نے کشمیرکو دیوالیہ کر دیا ،ادارے تباہ کر دئیے ،مشتاق منہاس

پیپلزپارٹی کے لوٹو اور پھوٹو کا کلچر ہمارے پورے نظام کو چاٹ گیا ۔پیپلزپارٹی کا کلچر تماشہ لگائو کلچر ہے ،کرپشن میں لت پت پیپلزپارٹی کے سابق وزیر وں کی چیخوں نے آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے مگر ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں‘وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

جمعہ 24 فروری 2017 13:13

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2017ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کے گٹھ جوڑ نے کشمیرکو دیوالیہ کر دیا ،ادارے تباہ کر دئیے ،پیپلزپارٹی کے لوٹو اور پھوٹو کا کلچر ہمارے پورے نظام کو چاٹ گیا ۔پیپلزپارٹی کا کلچر تماشہ لگائو کلچر ہے ،کرپشن میں لت پت پیپلزپارٹی کے سابق وزیر وں کی چیخوں نے آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے مگر ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ۔

تعلیمی پیکج کے نام پر اودھم مچانے والوں کو سپریم کورٹ میں شکست فاش ہوئی عدالت عظمیٰ نے حکومت سے کہاہے کہ وہ تعلیمی پیکج کو زمینی حقائق کے مطابق بنائیں اور اس پر ایسا طریقہ کار واضح کریں جس سے ریاست کے عوام کو فائدہ ہو ۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ کی گائیڈ لائنز کے مطابق مسلم لیگ ن کی حکومت ایک ٹھوس تعلیمی پیکج دے گی جس سے ریاست کی عوام کو حقیقی فائدہ ہوگا ۔

وزیر اطلاعات نے یہ بات صحافیوں سے گفتگو میں کہی ۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاکہ راجہ فاروق حیدر کی صورت میں ریاست کو ایک ایسا وزیرا عظم میسر آیا ہے جس نے قائد پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں اداروں کو مضبوط بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جب حکومت میں آئے تو ریاست میں نااہلیت ،کرپشن ،میرٹ کی پامالی کی داستانیں تھیں ہم نے اداروں میں اہل لوگوں کولگانے کا عزم کیا اور اس سمت پیشرفت شروع کر دی ۔

پی ایس سی میں انتہائی دیانتدار شخصیات کی تعیناتی اس جانب ایک قدم ہے جس کا مقصد ریاست کے نوجوانوں کو ان کی بہترین صلاحیتوں کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کون نہیں جانتا کہ فریال تالپور نے اپنے ٹائوٹ رکھے ہو ئے تھے جو ہر ادارے سے ماہانہ وصولیاں کرتے تھے اور زرداری کو بھی ایک بڑا حصہ جاتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے سابق کرپٹ وزیروں کی چیخیں اب اس لیے نکل رہی ہیں کہ انہیں احتساب نظر آ رہا ہے اور وہ جانتے ہیں کہ اب حکومت لوگوں کوا ن کی دو نمبریاں دکھائے گی ۔

راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاکہ مسلم لیگ ن ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے ،ہم حق دار کو اس کا حق دینے پر یقین رکھتے ہیں اور اس کے لیے ہر حد تک جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی پیکج پر سپریم کورٹ نے حکومت کو گائیڈ لائنز دی ہیں جن کے مطابق ہم عوام کو بہترین تعلیمی نظام دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ایک جعلی تعلیمی پیکج دیا جس کا زمین پر کوئی وجود نہیں تھا،لیکن ان کا کلچر ہے کہ تماشہ لگاتے رہتے ہیں ان دنوں بھی وہ ایسا ہی تماشہ لگا کر بیٹھے ہیں اور لوگوں کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ اپنے پورے پانچ سال کے دوارن پی پی پی نے ریاست کو بری طرح لوٹا جس کے نتیجے میں عوام نے ان کی ضمانتیں ضبط کیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ ہم عوام کو بہترین طرز حکومت دیں گے ۔