دفاع پاکستان کونسل کا دہشت گردی کیخلاف جاری آپریشن ردالفساد کی حمایت کا اعلان

بیرونی سازشوں کے خاتمہ کیلئے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے ْافغانستان میں بھارتی قونصل خانوں سے دہشت گردوں کو کنٹرول کیا جارہا ہے، پاکستان اور افغانستان کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کی جارہی ہیں، لیاقت بلوچ، حافظ عبدالرحمن مکی، قاری یعقوب شیخ، مولانا فضل الرحمن خلیل ودیگر

ہفتہ 25 فروری 2017 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء) دفاع پاکستان کونسل نے دہشت گردی کیخلاف جاری آپریشن ردالفساد کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ اس سلسلہ میں ہمارا مکمل تعاون موجود ہے تاہم یہ لہر دوبارہ کیوں اٹھی اور اس کے اسباب کیا ہیں حکومت کو اس پر ضرور غور کرنا چاہیے۔بھارت سی پیک منصوبہ ناکام بنانے اور جدوجہد آزاد ی کشمیر کو پس پشت ڈالنے کیلئے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔

بیرونی سازشوں کے خاتمہ کیلئے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔افغانستان میں کنڑ اور خوست میں قائم بھارتی قونصل خانوں سے دہشت گردوں کو کنٹرول کیا جارہا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کی سٹیئرنگ کمیٹی کے نگران لیاقت بلوچ، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، قاری یعقوب شیخ، مولانا فضل الرحمن خلیل اور عبداللہ گل نے منصورہ میں ہونے والے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وطن عزیز پاکستان میں جاری دہشت گردی کی تازہ ترین صورتحال اور اندرونی و بیرونی سازشوں کے حوالہ سے تفصیل سے غوروخوض کیا گیااور اس امر کا فیصلہ کیا گیا کہ دفاع پاکستان کونسل کے قائدین 27فروری کو پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔اجلاس کے دوران جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید ودیگر رہنمائوں کی نظربندی کی بھی مذمت کی گئی۔

دفاع پاکستان کونسل کے رہنمائوں نے ملک میں امن و امان کے قیام اور لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ کیااور کہا کہ ہم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں افواج پاکستان، پولیس اور دیگر اداروں کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پوری پاکستانی قوم ان کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوںنے دہشت گردی کی حالیہ وارداتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دین اسلام سے بیزار لوگ سازش کے تحت دہشت گردی کا رخ علماء، دینی مدارس اور مساجد کی جانب موڑنا چاہتے ہیں۔

ایسا کر کے ملک میں انتشارپھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ انڈیا جدوجہد آزادی کشمیر کو نقصانات اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو ناکامی سے دوچار کرنے کیلئے ملک میں دھماکے اور دہشت گردی کی وارداتیں کر رہا ہے۔ اس مقصد کیلئے اسے بیرونی قوتوں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔یہ ایک خوفناک سازش ہے جو اس وقت پاکستان کیخلاف رچائی جارہی ہے۔

اس نازک اور حساس موقع پر ہمیں ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا ہے۔ اس کے بغیر دشمنان اسلام کی سازشوں پر قابو پاناممکن نہیں ہے۔ دفاع پاکستان کونسل کے رہنمائوںنے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے یہ کہنا کہ پاکستانی عوام نے انہیں انڈیا سے دوستی کی بنیاد پر ووٹ دیے ہیں‘ حقیقت کے برعکس اور نظریہ پاکستان کے منافی ہے۔ اس طرح کے بیانات غیور پاکستانی قوم کی توہین کے مترادف ہیں۔

انہوںنے کہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے پختونوں کیخلاف اندھا دھند کاروائی قومی وقار اور یکجہتی کیخلاف ہے۔ اس سلسلہ میں بہت احتیاط سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔دفاع پاکستان کونسل کے قائدین سوموار 27فروری کو لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کے متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔