پیپلزپارٹی سندھ کے رہنماؤں کا چوہدری نثار اورشاہ محمود قریشی کے الزامات کا کرارا جواب

ْ شاہ محمود قریشی کی پارٹی تنگ دل ہوگی ، پیپلزپارٹی کی سیاسی کشتی ایک سفینہ ہے،نثار کھوڑو

ہفتہ 25 فروری 2017 22:12

پیپلزپارٹی سندھ کے رہنماؤں کا چوہدری نثار اورشاہ محمود قریشی کے الزامات ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2017ء) پیپلزپارٹی سندھ کے رہنماؤں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اورتحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے الزامات کا کرارا جواب دیا ہے اورکہاہے کہ چوہدری نثار علی خان پیپلزپارٹی پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے اپنی وزارت پرتوجہ دیں۔نثار کھوڑو نے کہاکہ شاہ محمود قریشی کی پارٹی تنگ دل ہوگی پیپلزپارٹی دریا دل والوں کی جماعت ہے اور پیپلزپارٹی کی سیاسی کشتی کوئی عام کشتی نہیں بلکہ ایک سفینہ ہے پیپلزپارٹی میں اب بھی بہت سے لوگوں کی گنجائش ہے اورآنے والے دنوں میں مزید لوگ پیپلزپارٹی میں شامل ہونگے۔

بلاول ہاوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ تنظیم سازی کے سلسلے میں انٹرویوز کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

اب ایک ہفتے کے اندر تمام ڈوینزاوراضلاع کے عہدیداروں کیلئے تین تین ناموں کااعلان کردیا جائے گا جس کے بعد نئے عہدیداروں کا انتخاب کرکے تنظیم مکمل کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت ایسے امیدواروں کو عہدے دے گی جو پوری لگن اور ایمانداری کیساتھ پارٹی کا انقلابی پروگرام سندھ کے گوشے گوشے تک پہنچاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں ممتاز سیاسی شخصیات کی جوق در جوق شمولیت نے ثابت کردیا ہے کہ پارٹی پر لوگوں کا اعتماد بڑھ رہاہے اور بہت جلدپیپلزپارٹی کی کشتی جہاز میں بد ل جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہ محمودقریشی کی پارٹی تنگ دل ہوگی لیکن پیپلزپارٹی والے لوگ بہت دریا دل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اسی لئے لوگ ہمیشہ اس کے پرچم تلے متحد رہتے ہیں۔

پیپلزپارٹی دریانہیں سمندرہے ۔پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجزدھامراہ نے وفاقی وزیر داخلہ کے الزامات کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشگردی کے واقعات کے موقع پر منظر سے غائب ہوجانے والے وزیر داخلہ بتائیں کہ لعل شہباز قلندر کی بجلی کس نے منقطع کی تھی۔ سینیٹرعاجز دھامرا نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ چند روز میں مخالفین کی انتہائی اہم کٹیں گرائے گی ۔

انہوںنے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اپنی ناکامی چھپانے کے لیے پیپلزپارٹی کے خلاف لمبی لمبی پریس کانفرنسیں کرتے ہیں لیکن جب ملک میں دھماکے ہوتے ہیں تو وہ چوہوں کی طرح چھپ جاتے ہیں ۔چوہدری نثارعلی خان پیپلزپارٹی پر انگلیاں اٹھانے کی بجائے اپنے کام پر توجہ دیں ۔پیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے کہ چوہدری نثار علی مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں اس لئے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔انہوںنے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر دھماکے کو سکیورٹی لییپس قرار دینے والے بتائیں کہ درگاہ کی بجلی کس نے بند کی تھی۔بجلی فراہم کرنا سندھ حکومت کا اختیار نہیں ہے ۔