خوشحال ریاض نے آل پاکستان نیشنل جونیئر سکوائش چیمپئن شپ جیت لی

پیر 27 فروری 2017 16:53

لاہور۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء) خوشحال ریاض نے آل پاکستان نیشنل جونیئر سکوائش چیمپئن شپ جیت لی‘ خوشحال نے انڈر 15 کیٹگری کے فائنل میں علی شیر کو تین ایک سے شکست دی‘ فائنل میچ کا سکور 11-6‘ 11-13‘ 12-10 اور 11-2 رہا‘ پشاور کے نو عمر کھلاڑی خوشحال ریاض خان نے لاہور میں منعقدہ نیشنل جونیئر سکوائش چیمپئن شپ کی انڈر 15 کیٹیگری کے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔

اس میچ میں انہوں نے پشاور کے علی شیر کو تین ایک سے شکست دی‘ آل پاکستان نیشنل جونیئر سکوائش چیمپئن شپ پنجاب سکوائش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام لاہور میں منعقد ہوئی جس میں انڈر 11‘ انڈر 13‘ انڈر 15‘ انڈر 17 اور انڈر 19 کیٹیگریز کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا ٹورنامنٹ کی انڈر 15 کیٹیگری میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے ہوئے جن میں کئی اپ سیٹ دیکھنے میں آئے اور اس ضمن میں سب سے زیادہ اپ سیٹ پشاور کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی خوشحال ریاض خان نے کئے۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں چھٹی رینکنگ تک پہنچنے والے خوشحال ریاض کا ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں مقابلے اس کیٹیگری کے سیکنڈ سیڈ فرحان ہاشمی سے تھا جس کے آغاز سے ہی تجربہ کار فرحان ہاشمی کا پلڑا بھاری تھا تاہم ایک سخت مقابلے کے دوران شاندار کم بیک کرتے ہوئے خوشحال نے فرحان کو تین دو سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ سیمی فائنل میں خوشحال کا سامنا حماد خان سے تھا یہ مقابلہ بھی خاصا دلچسپ تھا لیکن کسی دبائو میں آئے بغیر خوشحال نے حماد کو تین دو سے ہرا دیا۔

پیر کے روز پنجاب سکوائش کمپلیکس لاہور میں منعقدہ فائنلز کے دوران انڈر 15 کیٹیگری کا فائنل میچ خوشحال ریاض خان اور پاکستان نمبر 4 علی شیر کے درمیان ہوا۔ اس میچ میں خوشحال نے نہایت مہارت کے ساتھ خوبصورت کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے سے سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی کو تین ایک سے شکست دے کر نیشنل جونیئر سکوائش چیمپئن شپ کا انڈر 15 کیٹیگری کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ میچ کا سکور 11-6‘ 11-13‘ 12-10 اور 11-2 رہا۔ پشاور ماڈل سکول بوائز ٹو کے ہونہار طالب علم خوشحال ریاض خان اس سے قبل برٹش جونیئر اوپن اور یو ایس جونیئر اوپن میں بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرچکے ہیں اور وہ عالمی سطح پر سکوائش کے میدان میں اپنے ملک کا نام روشن کرنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :