کراچی آپریشن ہرصورت میں اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،گورنر سندھ

امن کو پائیدار بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے،محمد زبیر کا اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

منگل 28 فروری 2017 19:12

کراچی آپریشن ہرصورت میں اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،گورنر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2017ء) گورنرسندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ امن کو پائیدار بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے جب کہ کراچی آپریشن ہرصورت میں اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق منگل کو گورنرسندھ محمد زبیرکی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید، سکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سکریٹری داخلہ اورآئی جی سندھ نے گورنرسندھ کو صوبہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔اجلاس کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن کے قیام کے لئے رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اوران قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے،امن کو پائیدار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے جب کہ کراچی آپریشن ہر صورت میں اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ مارچ سے شروع ہونے والی مردم شماری ملک کے لیے بہت اہم ہے،اس سے آبادی کے درست اعداد و شمار دستیاب ہوں گے، کراچی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل شہربن چکا ہے اوراسے عالمی معاشی نقشہ پر جگہ دلوانے کے لئے یہاں دیرپا امن کا قیام نا گزیرہے۔گورنرسندھ نے کہا کہ سرمایہ کاری بہتر امن و امان سے مشروط ہوتی ہے، دیرپا امن کے قیام کے لئے ہم سب کو مشترکہ طورپرکام کرنا ہوگا۔ سی پیک کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جب کہ سی پیک سے منسلک چینی شہریوں کی فول پروف سکییورٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔