سیہون دھماکہ ، تحقیقات کا دائرہ سینٹرل جیل تک پھیلا دیا گیا

کالعدم لشکر جھنگوی سندھ اور کراچی کے گرفتار ہونیوالے دہشتگردوں کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ

جمعرات 2 مارچ 2017 20:40

سیہون دھماکہ ، تحقیقات کا دائرہ سینٹرل جیل تک پھیلا دیا گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2017ء) سیہون بم دھماکے کی تحقیقات کا دائرہ سینٹرل جیل کراچی تک پھیلا دیا گیا ہے، کالعدم لشکر جھنگوی سندھ اور کراچی کے 3 گرفتار دہشتگردوں کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، تحقیقاتی ٹیم نے محکمہ داخلہ سندھ سے تینوں قیدیوں سے تفتیش کی اجازت مانگ لی ۔تفصیلات کے مطابق سیہون بم دھماکے کی الجھی گتھی سلجھانے کے لئے تفتیش کا دائرہ سینٹرل جیل کراچی تک پھیلا دیا گیا ، تحقیقاتی ٹیم نے سینٹرل جیل کراچی میں قید کالعدم لشکر جھنگوی سندھ کے امیر حافظ قاسم رشید ، کراچی کے امیر محمود بابر عرف دڑکی شاہ اور کاظم علی شاہ کو تحویل میں لے کر تفتیش کرنے کیلئے محکمہ داخلہ سندھ سے رجوع کر لیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کمانڈروں سے تحقیقات کا فیصلہ سی ٹی ڈی حکام کے بلوچستان کے دورے کے بعد کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ سیہون اور شاہ نورانی مزارات پر بم دھماکوں میں مماثلت پائی جاتی ہے اور جائے حادثہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں تینوں گرفتار کمانڈروں سے تحقیقات میں اہم کڑیاں جڑنے کا امکان ہے ۔ ماضی میں ان دہشتگردوں کی جانب سے جیل سے دہشتگرد نیٹ ورکس کو آپریٹ کیے جانے کے حوالے سے بھی تفتیش کی جائیگی ۔ تحقیقاتی ٹیم قیدیوں سے جیل کے اندر ہی تفتیش کریگی ۔