امریکہ کے اٹارنی جنرل نے ایف بی آئی انکوائری سے خود کو الگ کر لیا

اپنی تصدیقی سماعت کے دوران یہ کہہ کر جھوٹ نہیں بولا کہ روسی لوگوں کے ساتھ میں نے کوئی بات چیت نہیں کی تھی،جیف سیشنز

جمعہ 3 مارچ 2017 11:59

امریکہ کے اٹارنی جنرل نے ایف بی آئی انکوائری سے خود کو الگ کر لیا
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2017ء) امریکہ کے اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے ڈیموکریٹک پارٹی کے دباؤ کے بعد امریکی انتخاب میں مبینہ روسی مداخلت کی ایف بی آئی انکوائری سے خود کو الگ کر لیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جیف سیشنز کا کہنا تھا کہ جنوری میں اپنی تصدیقی سماعت کے دوران انھوں نے یہ کہہ کر جھوٹ نہیں بولا تھا کہ میں نے روسی لوگوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کی تھی۔

یہ بات سامنے آنے کے بعد سے کہ جیف سیشنز نے دو بار روسی سفیر سے ملاقات کی تھی، ڈیموکریٹک پارٹی ان سے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہی ہے۔واشنگٹن میں امریکی محکمہ انصاف کے دفتر میں ہونے والی ایک نیوز کانفرنس میں جیف سیشنز نے اس تنازع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں نے امریکی صدر کی انتخابی مہم سے متعلق کسی بھی معاملے میں ہونے والی موجودہ یا مستقبل کے تفتیشی عمل سے خود کو الگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تصدیقی سماعت کے دوران میں نے جو بھی تبصرے کیے وہ اپنی فہم کے مطابق بالکل ایمانداری سے درست کہا تھا۔انہوں نے کہاکہ میں ایسی کسی بھی سرگرمی سے واقف نہیں ہوں۔ اس مہم کے دوران ایک دو بار مجھے ان کا نائب تک کہا گیا۔ میں نے روسیوں سے کوئی بات چیت نہیں کی اور میں اس بارے میں تبصرہ کرنے سے قاصر ہوں،نیوز کانفرنس میں جیف سیشنز نے کہا کہ انھوں نے روسی سفیر سے بطور ایک سینیٹر بات چیت کی تھی نہ کہ صدر ٹرمپ کے نائب کے طور پر۔انھوں نے کہاکہ میں نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کے تعلق سے کبھی روسی کارندوں یا پھر ثالثی کرنے والوں سے بات چیت نہیں کی۔

متعلقہ عنوان :