غیر قانونی کنکشن رکھنے والے افراد فوری طور پر اپنے کنکشن قواعد کے مطابق ریگولر کروالیں ۔ واسا فیصل آباد کی ہدایت

جمعہ 3 مارچ 2017 14:26

غیر قانونی کنکشن رکھنے والے افراد فوری طور پر اپنے کنکشن قواعد کے مطابق ..
فیصل آباد۔3 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2017ء)واسا نے مفت اور غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے پانی حاصل کرنے والوں کی اطلاع دینے بارے شہریوں کے لئے ٹال فری نمبر جاری کر دیا ہے اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی کنکشن ہولڈرز کی اطلاع ٹال فری نمبر 1134 پر دے کر اپنا قومی فریضہ سر انجام دیںنیز انہوںنے ایسے تمام رہائشی و کمرشل صارفین جو غیر قانونی طور پر کنکشن حاصل کئے ہوئے ہیں کو حتمی وارننگ دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ فوری طور پر اپنے کنکشن قواعد کے مطابق ریگولر کروالیں ورنہ اچانک چیکنگ کے دوران ان کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

(جاری ہے)

واسا فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں واسا کے تمام حکام کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور کہا گیاہے کہ وہ ڈور ٹو ڈور چیکنگ کرکے 100 فیصد صارفین کو نیٹ ورک میں لائیں ۔ انہوںنے کہاکہ دوران چیکنگ صارفین کیلئے لازم ہو گا کہ چیکنگ ٹیموں کو اپنے ادا شدہ بل دکھائیں اور ان سے تعاون کریں ورنہ ان کے کنکشن منقطع کر دیئے جائیں گے۔ انہوںنے نادہندگان کو اقساط میں بقایاجات کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیاہے۔