نوازشریف نے تمام بڑے وعدے سچ کر دکھائے، عوام کا بھر پور اعتماد حاصل ہے،چوہدری محمد برجیس طاہر

جمعہ 3 مارچ 2017 16:51

نوازشریف نے تمام بڑے وعدے سچ کر دکھائے، عوام کا بھر پور اعتماد حاصل ..
ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ محمدنواز شریف نے قوم سے کیے گئے تمام بڑے بڑے وعدے سچ کر دکھائیں ہیں جس کی وجہ سے نوازشریف کی قیادت پر عوام کے اعتماد میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات آج ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد کے نواحی قصبے 24 کلاں میں گیس کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے اور ملک میں جاری ترقی وخوشحالی کے سفر کے ساتھ ساتھ اس اعتماد میں بھی مزید اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وعدوں کی پاسداری اور ملک کو درپیش بڑے چیلنجزز پر قابو پانے کی وجہ سے مسلم لیگ(ن) 2013 کے مقابلے میں آج اور بھی زیادہ مستحکم پوزیشن میں ہے اور آئندہ انتخابات میں اس کی کامیابی کے واضح اثرات کا ذکر بین الاقوامی جریدے بھی اپنی اشاعت میں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ترقی وخوشحالی کے ایجنڈے پر بغیر کسی رکاوٹ کے عملدرآمدجاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سیاسی طورپر انتہائی باشعور ہیں اور اُنہوں نے ترقی وخوشحالی کا ساتھ دینے کاعزم کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے سازشی عناصر کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ عمران خان اور اُن کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کا گراف عوام میں گر چکا ہے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی خیبر پختونخواہ کی حکومت ترقیاتی فنڈز کو صیح معنوں میں استعمال کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خیرپختونخواہ کی عوام کو ایک بھی قابل ذکر ترقیاتی منصوبہ دینے میں ناکام رہے ہیں اور اُنہوں نے اپنا تمام تر وقت پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے خلاف صرف کیا ہے جس کا خمیازہ اُن کو آئندہ انتخابات میں بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں خیبر پختونخواہ سمیت پورے ملک میں عبرت ناک شکست عمران خان کا انتظار کر رہی ہے جس کے ساتھ ہی اُن کے سیاسی کیرئیر کا بھی اختتام ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :