ْ نواز شریف اور زرداری کی فوجی عدالتوں پر اے پی سی پری پلاننگ اور گہری سازش ہے، انور گجر

جمعہ 3 مارچ 2017 19:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ( اطلاعات ) محمد انور گجر ، کراچی ڈویژن کے کوآرڈینیٹر رزاق باجوہ ماور میر عبدالنبی بروہی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قوم کو کرکٹ میچ میں لگا کر حکمران اور ان کے مفاہمتی قوم کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں ۔ نواز شریف اور زرداری کی فوجی عدالتوں پر اے پی سی پری پلاننگ اور گہری سازش ہے ۔

نواز شریف اور زرداری دونوں فوجی عدالتوں سے راہ فرار چاہتے ہیں ۔ جو کام نواز شریف وزیر اعظم بن کر خود نہیں کر سکتے ، وہ کام پس پردہ رہ کر اپنے مفاہمتی بھائی زرداری کو آگے کرکے کرواتے ہیں ۔ نواز شریف ہی زرداری کو آگے کرکے فوجی عدالتوں کے خلاف اے پی سی کروا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسی زرداری سے گذشتہ دو سال قبل نواز شریف نے اینٹ سے اینٹ بجا کر راحیل شریف کو دھمکی دے کر کھلا پیغام دیا تھا اور بعد میں نواز شریف نے زرداری کو محفوظ راستہ دے کر ملک سے فرار کروایا اور ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد فوراً واپس بلوا لیا ۔

زرداری کا (ن) لیگ کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت نہ دینا اور ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینا ٹوپی ڈرامہ ہے ۔ نواز شریف زرداری دونوں مفاہمتی بھائی ہی نہیں بلکہ ملک اور اداروں کے خلاف سازشوں میں دونوں برابر کے حصے دار بھی ہیں ۔ اسی طرح ڈاؤن لیکس کی کہانی پر تو سازشی حکمران اس پر عمل درآمد کرانے میں کامیاب ہو گئے لیکن فوج کے خلاف سازش کرنے والے ابھی تک بے نقاب نہیں ہوئے ۔

نواز شریف اور زرداری کی مفاہمت اتنی مضبوط ہے کہ دونوں مفاہمتی بھائیوں کے کرتوت اور گناہوں پر کوئی ہاتھ ہی نہ ڈال سکے اور برے وقت میں دونوں ایک دوسرے کو بچانے کے لیے میدان میں آ جاتے ہیں ۔ انور گجر رزاق باجوہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ردالفساد آپریشن کے ساتھ ساتھ رد الکرپشن بھی شروع کرکے ملک او ر قوم کو چوروں ، لٹیروں ، پیدا گیروں اور مفاہمتی حکمرانوں سے بھی نجات دلائی جائے کیونکہ یہ لوگ قوم کی بچی کچی ہڈیاں بھی چبانے اور خون چوسنے کی سازشیں کر رہے ہیں ۔