سابق وزیراعلیٰ سرداراختر جان مینگل کی سابق گورنر بلوچستان نوا ب ذوالفقار علی مگسی سے ملاقات

صوبے کی سیاسی صورتحال، امن وامان، افغان مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 3 مارچ 2017 23:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2017ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ،سابق وزیراعلیٰ و رکن صوبائی اسمبلی سرداراختر جان مینگل نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفد کے ہمراہ جمعہ کو مگسی ہاؤس کوئٹہ میں سابق گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی صورتحال ،امن و امان ، افغان مہاجرین کی موجودگی میں مردم شماری و خانہ شماری پر تحفظات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سابق گورنر بلوچستان نواب ذوالفقارعلی مگسی تین سال کے بعد کوئٹہ آئے ہیں کوئٹہ میں قیام کے دوران نواب ذوالفقارعلی مگسی مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہوں ، صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ سیاسی حلقے نواب ذوالفقارعلی مگسی اور سردار اختر مینگل کے درمیان ہونے والی ملاقات کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں۔