سپریم کورٹ مثالی فیصلہ دیکر نئی تاریخ رقم کریگی ،نائب امیر جماعت اسلامی

فاٹا کو صوبہ بنانے کی آواز قاضی حسین احمد نے اٹھائی تھی،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان مولانا فرید احمد پراچہ

اتوار 5 مارچ 2017 15:35

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر مولانا فرید احمد پراچہ نے انکشاف کیا ہے کہ فوجی عدالتوں کے قیام کے سلسلہ میں پیپلز پارٹی کی اے پی سی ناکام ہو گئی ہے کیونکہ اے پی سی میں شامل بہت سی سیاسی جماعتوں نے فوجی عدالتوں کے قیام اور توسیع کی حامی ہیں ۔ انہوں نے آج یہاں جماعت اسلامی ضلع ساہیوال کے ضلعی آفس گول چکر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پانامہ لیکس کے مسئلہ پر جماعت اسلامی اب بھی اپنے موقف پر قائم ہے اور پانامہ لیکس کے سپریم کورٹ کے فیصلہ سے ملکی سیاست میں بڑی تبدیلی آئے گی ۔

پیپلز پارٹی کی اے پی سی میں سابق صدر آصف زرداری نے عدالتوں پر جن تحفظات کی بات کی ہے جماعت اسلامی اس کے برعکس سپریم کورٹ پر بھر پور اعتماد کرتی ہے کہ سپریم کورٹ ملک میں انصاف کی مثال قائم کریگی اور سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی نوعیت کا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فاٹا کا صوبہ بنانے کی حمایت کی تھی لیکن اب فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں شامل کرنے کی حمایت کررہی ہے کیونکہ فاٹا کو صوبہ بنانے کی سب سے پہلے آواز امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے اٹھائی تھی ۔

اس موقعہ پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر میاں رحمت علی وٹو ، ڈاکٹر زاہد محمود،اے ڈی چوہدری، طیب بلوچ اور رانا زاہد فاروق نے جماعت اسلامی کی طرف سے کرپشن کے خلاف مہم کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے اسے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔