عوامی نیشنل پارٹی سیاسی سکورنگ سے قطع نظرپختون قوم کی خدمت پر یقین کرتے ہوئے آخری حد تک جانے سے دریغ نہیں کریگی، فاٹا اصلاحات کیلئے 5سالوں کا ٹائم فریم دینا سمجھ سے بالاتر ہے، فاٹا کے عوام کو مکمل قومی دھارے میں لانے کیلئے 2018ء کے الیکشن میں حصہ لینا نوشتہ دیوار بن چکی ہے،فاٹا کی صوبے میں انضمام سے انگریزوں کی کھینچی ہوئی لکیر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائیگی، فاٹا کے عوام کی دہشت گردی کیخلاف مثالی قربانیاں رنگ لائی ہے

عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر امیر حیدر خان ہوتی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 5 مارچ 2017 20:30

تخت بھائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مارچ2017ء) سابق وزیر اعلیٰ اور عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی سیاسی سکورنگ سے قطع نظرپختون قوم کی خدمت پر یقین کرتے ہوئے آخری حد تک جانے سے دریغ نہیں کریگی۔ فاٹا اصلاحات کیلئے 5سالوں کا ٹائم فریم دینا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ فاٹا کے عوام کو مکمل قومی دھارے میں لانے کیلئے 2018ء کے الیکشن میں حصہ لینا نوشتہ دیوار بن چکی ہے ۔

اورفاٹا کی صوبے میں انضمام سے انگریزوں کی کھینچی ہوئی لکیر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائیگی۔ فاٹا کے عوام کی دھشت گردی کے خلاف مثالی قربانیاں رنگ لائی ہے ۔ 2018ء کا الیکشن باچہ خانی کا انقلاب بر پا کرکے ایک بار پھر تعمیر و ترقی کا دور شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

وہ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن حسن الماب خان کے والدباچہ اور اے این پی ویلج کونسل نمبر 3کے صدر زاہد اکبر کے نانا وفات پر فاتحہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی ضلع مردان کے نائب صدر محمد ایوب یوسفزئی ، ملگری تنظیموں کے ڈسٹرکٹ کوارڈینٹر میاں طاہر ایڈوکیٹ،تحصیل تخت بھائی کے سیکرٹری اطلاعات حاجی غلام رسول ، یوسی پٹ بابا کے صدر شیر حسن خان ، عطاء اللہ خان محمد زئی ، جاوید ناظم ، حاجی الیاس خان، نواب خان ، ظفر علی ، لعل گل یوسفزئی اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے پختونوں کی ترقی عزیز ہے ۔ پنجاب کی ترقی کیلئے پختونوں کے اجتماعی مفادات پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پر بلاتاخیر من وعن عمل درآمد کرکے 2018ء کے الیکشن میں فاٹا کے عوام کو حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جائے ۔ بصورت دیگر عوامی نیشنل پارٹی میدان عمل میں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ چترال سے کراچی تک تمام صوبوں میں پختونوں پر آئے روز ڈھائے جانے والے مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اندرونی اختلافات کا شکار ہوکر بکھر نے والی ہے ۔

جسکا اندازہ آئندہ الیکشن میں سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے دھشت گردی کا فساد بڑھ رہا ہے ۔ جس سے مکمل طورپر نمٹنے کیلئے بخثیت قوم متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ضرورت اس امر کی ہے ۔کہ پاکستان اور افغانستان مل کر دھشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کردار ادا کریں ۔ انہوں نے فاٹا اصلاحات پر فاٹا کے عوام کو مبارکباد د ی اور کہا کہ اس بار اے این پی کے کارکنوں کی جدوجہدرنگ لائے گی اور اے این پی باچہ خان ، ولی خان کے فلسفہ سیاست کے اہداف کیلئے تیز ی سے گامزن ہے ۔