پاکستان سپر لیگ کا ایونٹ ختم ہونے کے باوجود سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا

کمنٹیٹر ایلن ولکنز نے بھی اختتامی تقریب کو خوب سراہا ، ڈینی موریسن فائنل کا حصہ نہ بننے پر افسردہ لندن شہر کے پاکستانی نژاد میئر صادق خان نے بھی پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا

پیر 6 مارچ 2017 14:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء) پاکستان سپر لیگ کا ایونٹ ختم ہونے کے باوجود سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا ، پاکستان سمیت دنیا بھر سے معروف شخصیات میگا ایونٹ کی کامیابی اور اس کی تعریف میں پیغامات دے رہی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سپر لیگ کا دوسرا کامیاب ایڈیشن ختم ہو گیا ہے، میگا ایونٹ نے دنیا بھر کے کرکٹ لورز کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا ۔

ٹورنامنٹ کے اختتام کے باوجود سوشل میڈیا پر پاکستان سپر لیگ کا فائنل ہی ٹاپ ٹرینڈ رہا ۔

(جاری ہے)

یو اے ای میں پی ایس ایل کے لئے کمنٹری کرنے والے ایلن ولکنز نے اپنی ٹویٹ میں ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کو خوب سراہا ۔ اپنی چلبلی حرکات سے مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والے ڈینی موریسن نے کہا کہ انہیں سپر لیگ کے سپر فائنل کا حصہ نہ بننے پر افسوس ہے لیکن اگلے سال وہ ضرور شرکت کریں گے ۔ لندن شہر کے پاکستانی نژاد میئر صادق خان نے بھی ٹویٹر پیغام میں پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا ۔ پاکستانی ویمن کرکٹر جویریہ خان بھی فائنل میں پشاور زلمی کی جیت پر خوش نظر آئیں ، اپنے پیغام میں انہوں نے زلمی کو مبارکباد دی ۔