پاکستان قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے،حکومت نے قومی اثاثوں کو گروی رکھ دیا،پاکستان کو قرض کے سود کی ادائیگی کیلئے قرضہ درکار ہے،حکومت عوام کے بنیادی مسائل پر کب توجہ دے گی

تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 6 مارچ 2017 20:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مارچ2017ء) قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے،حکومت نے قومی اثاثوں کو گروی رکھ دیا،پاکستان کو قرض کے سود کی ادائیگی کیلئے قرضہ درکار ہے،حکومت عوام کے بنیادی مسائل پر کب توجہ دے گی۔وہ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے،سمجھ نہیں آرہی حکومت پانی،روزگار،صحت جیسے بنیادی مسائل پر کب توجہ دے گی۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 2013میں حکومت بنی تو 480ارب روپے کے گردشی قرضے ادا کیے گئے،حکومت نے خوشخبری دی تھی کہ عوام کو گردشی قرضوں سے چھٹکارا دیا ہے تاہم حکومت کے 4سال گزرنے کے بعد اب بھی گردشی قرضے 660ارب روپے کے قریب ہیں،جس سے عوام پر ٹیکس بڑھایا جاتا ہے،آج کوئی نہیں بتا رہا کہ اپنی کامیابیوں کے اخبارات میں جو اشتہارات دیئے گئے وہ آج کہاں گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں کر رہے،امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں بھی ہمارے موقف کی تائیدہوئی،پاکستان کو قرض کے سود کی ادائیگی کیلئے مزید قرضہ درکار ہے،حکومت نے قومی اثاثوں کو گروی رکھ دیا ہے۔…(خ م+ار)