صوبہ کے تمام اضلاع کا جلد دورہ کروں گا ، تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا، ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ صنعتکاروں سے ملاقاتیں کیں خوشی ہے ہر ایک سندھ کی خوشحالی چاہتا ہے،گورنر سندھ

آپریشن سے شہر کے سنگین جرائم میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی ، گرین لائن ، لیاری ایکسپریس وے اور K-IV منصوبے جلد مکمل ہو جائیں گے، صحافیوں سے گفتگو

پیر 6 مارچ 2017 23:36

صوبہ کے تمام اضلاع کا جلد دورہ کروں گا ، تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہائوس میں صحافیوں نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ میں جاری صورتحال ، امن و امان کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی ، کراچی آپریشن ، جاری ترقیاتی منصوبے اور خوشحال و ترقی یافتہ صوبہ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق تفصیل سے گفتگو کی گئی ۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ میں پورے صوبہ کا گورنر ہوں جلدصوبہ کے ہر ضلع کا دور ہ کروں گا ، ایک ماہ کے دوران تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا تاکہ صوبہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے، مجھے بے حد خوشی ہے کہ ہر ایک صوبہ کی خوشحالی چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ صنعتکاروں سے ملاقاتیں کی ہیں ، ملاقاتوں میں ان کے مسائل سنے ہیں اور انھیں یقین دلایا ہے کہ حکومت صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریگی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ امن و امان اور انفرااسٹرکچر کی بحالی سے نجی شعبہ کے مزید پروان چڑھنے سے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہونگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اس کی خوشحالی میں پورے ملک کی خوشحالی مضمر ہے،کراچی کوعالمی معاشی نقشہ پر جگہ دلانے کے لئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، کراچی کے صنعتی زونز میں انفرااسٹرکچر بحالی کے لئے جلد وفاقی حکومت سے رابطہ کروں گا کیونکہ میں سمجھتاہوں کہ فعال صنعتیںخوشحالی کی ضمانت ہیں اس ضمن میں نجی شعبہ روزگاری کی فراہمی اور حکومت امن و امان اور انفرااسٹرکچر کی بحالی پرکام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شکار پور اور لاڑکا نہ چیمبرز کی دعوت ملی ہے وہاں بھی جلد جائوں گا ، حکومت ، صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریگی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مردم و خانہ شماری اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوگی اس ضمن میں مردم و خانہ شماری سے متعلق تمام تحفظات دور کرینگے اور میری عوام سے اپیل ہے کہ مردم و خانہ شماری کامیاب بنانے کے لئے بھرپور تعاون کریں تاکہ مسائل کے حل اور وسائل کے منصفانہ تقسیم ممکن ہو سکے ۔

ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی آپریشن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں پائیدار امن و امان کے قیام اور آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سے شہر کے سنگین جرائم میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ، اسٹریٹ کرائمز پر بھی جلد ہی قابو پالیا جائے گا جبکہ صوبہ میں پائیدار امن کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رہیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ گرین لائن ، لیاری ایکسپریس وے اور K-IV منصوبے جلد مکمل ہو جائیں گے ،حکومت انرجی شعبہ پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے ، انشاء اللہ 2018 ء تک توانائی بحران کا مکمل خاتمہ یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ میں انرجی شعبہ کو فوقیت دی جارہی ہے ، منصوبہ میں انرجی کے سات منصوبے سندھ میں شروع کئے گئے ہیں جبکہ تھر کول سے بھی بجلی پیدا کرنے کے دو منصوبے شروع کردیئے گئے ہیں اورپورٹ قاسم پر بھی چین کی مدد سے 1320 میگا واٹس کے دو منصوبے زیر تکمیل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی پاور نے K الیکٹرک خرید لی ہے جس سے پاور جنریشن میں تیزی آئے گی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہو تا ہے جو معاشرے کے مسائل کو اپنے قلم اور کیمروں سے اجاگر کرتا ہے جس سے حکومت کو عوامی مشکلا ت کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے ملاقات کے لئے آنے والے صحافیوں سے درخواست کی کہ وہ معاشرتی ناہمواریوں باالخصوص عوام کو درپیش مسائل سے حکومت کو آگاہ کریں تاکہ مسائل کو جلد از جلد حل کرکے عوامی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :