زمبابوے کے وزیر کھیل کی پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی کو مبارکباد

منگل 7 مارچ 2017 13:33

زمبابوے کے وزیر کھیل کی پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی کو مبارکباد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مارچ2017ء) زمبابوے کے وزیر کھیل نے پاکستان سپر لیگ فائنل کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد دی ہے۔ مکوسینی آلانگ کا کہنا ہے کہ فائنل میچ کے لئے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات عالمی معیار کے تھے۔زمبابوے کے وزیر کھیل کی قیادت میں وفد نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیر کھیل زمبابوے مکوسینی آلانگ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔اسٹیڈیم میں اتنی زیادہ تعداد میں لوگوں کا آنا خوش آئند ہے جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی انتظامات عالمی معیار کے تھے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ دیکھنے پر زمبابوے کے وزیر کھیل کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔