ڈیفکلیریا انتخابات: یونٹی گروپ نے اراکین کو پی ایس ایل فائنل بڑی اسکرین پر دکھایا

امیدوار اسپورٹس سیکریٹری آصف عصت کی جانب سے معین خان اکیڈمی میں میچ دکھانے کا زبردست انتظام کیا گیا

منگل 7 مارچ 2017 17:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2017ء) ڈیفنس اینڈ کلفٹن ایسوسی ایشن آف رئیل اسٹیٹ ایجنٹس (ڈیفکلیریا) کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں سب سے مقبول یونٹی گروپ کی جانب سے ڈی ایچ اسپورٹس کلب، معین خان اکیڈمی میں بڑی اسکرین پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹو کا فائنل دکھانے کا انتظام کیا گیا۔ اس کا مقصد ڈیفکلیریا کے اراکین، ان کے اہل خانہ اور اسپورٹس کے دلدادہ افراد کو بھرپور تفریح فراہم کرنا تھا۔

یونٹی گروپ کی جانب سے بڑی اسکرین ایس ایم ڈی وال پر پی ایس ایل کا فائنل دکھایا گیا۔ اس موقع پر ڈھول کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ اس سے قبل نامزد صدارتی امیدوار راجہ مظہر حسین خود باہر مرکزی دروازے پر کھڑے ہو کر ڈیفکلیریا اراکین کا پرتپاک استقبال کرتے رہے۔

(جاری ہے)

ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب، معین خان اکیڈمی یونٹی گروپ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ آوے ای آوے، یونٹی آوے۔

ذرا زور سے بولو، یونٹی ، ذرا زور سے بولو، یونٹی۔ ڈیفکلیریا اراکین نے پولنگ سے قبل ہی یونٹی گروپ کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ ڈیفکلیریا اراکین اور ان کے اہل خانہ پی ایس ایل فائنل بڑی اسکرین پر دیکھ کر جھومے بغیر نہ رہ سکے۔ اسپورٹس سیکریٹری کے امیدوار آصف عصمت کی کوششوں نے چار چاند لگا دئیے۔ دیگر امیدواروں کے ہمراہ خود بھی جھومتے رہے۔

گروپ چیئرمین زکر محنتی کو اپنے درمیان دیکھ کر اراکین پرجوش ہو گئے۔خواتین اور بچے بھی خوب محظوظ ہوئے۔ ڈھول کی تھاپ پر شائقین بڑی اسکرین پر کرکٹ میچ سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ ڈیفکلیریا اراکین نے سینکڑوں کی تعداد میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کی اور میچ کے اختتام تک اسٹیڈیم میں موجود رہے۔اس موقع پر شائقین سے خطاب کرتے ہوئے یونٹی گروپ کے صدارتی امیدوار راجہ مظہر حسین نے کہا کہ یونٹی گروپ ہی رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کا حقیقی خدمت گار ہے اور اس شعبے کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیفکلیریا کی سابقہ باڈی نے ایسوسی ایشن کو ایسے مقام پر پہنچایا ہے جہاں اب رئیل اسٹیٹ کے ہر فیصلے سے پہلے حکومت اور دیگر تمام ادارے ڈیفکلیریا کے اراکین سے مشاورت کرتے ہیں۔ انہوں نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پریونٹی گروپ کے اسپورٹس سیکریٹری کے امیدوار آصف عصمت کی کوششوں کو سراہا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آصف عصمت نے کہا کہ میچ تو کسی ایک ٹیم نے جیتنا ہوتا ہے لیکن پی ایس ایل کی کامیابی نے پاکستان کو جتوایا ہے۔

ان کا مقصد بھی یہی ہے کہ لوگوں میں امن کے فروغ کے لیے آگاہی پیدا کی جائے اور دہشت گردی کا من حیث القوم مقابلہ کیا جائے۔ اس دوران خطاب کرتے ہوئے ڈیفکلیریا کے جوائنٹ سیکریٹری آصف عبدالکریم نے اپنی کابینہ کی خدمات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ڈیفکلیریا نے حالیہ بحرانوں میں بہت کامیاب حکمت عملی کے تحت رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا اور اس سیکٹر کی ترقی کے لیے بھی مثبت کردار ادا کیا۔