جنوبی افریقہ کے سفیر کا دورہ غزہ، اسماعیل ھنیہ سے ملاقا ت،فلسطین کی موجودہ صورتحال، اسرائیل کے جنگی جرائم ودیگر امور پر تبادلہ خیال

فلسطینیوں کے جائز حقوق کی حمایت میں عالمی سطح پر سفارتی اور سیاسی مساعی جاری رکھیں گے، مکالیما میلوتگیزی کی یقین دہانی

بدھ 8 مارچ 2017 13:51

جنوبی افریقہ کے سفیر کا دورہ غزہ، اسماعیل ھنیہ سے ملاقا ت،فلسطین کی ..
غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2017ء) فلسطین میں متعین جنوبی افریقہ کے سفیر مکالیما میلوتگیزی نے گذشتہ روز فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کا دورہ کہا جہاں انہوں نے ’حماس‘ کے رہنما اور جماعت کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔اطلاعات کے مطابق جنوبی افریقہ کے سفیرکا غزہ آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔

بعد ازاں انہوں نے غزہ میں اسماعیل ھنیہ کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے سفیر کیساتھ ہونیوالی بات چیت میں فلسطین کی موجودہ صورتحال، اسرائیل کے جنگی جرائم، غزہ کی ناکہ بندی، بیت المقدس کو یہودیانے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری ریاستی دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر جنوبی افریقہ کے سفیر نے حماس رہنماؤں کو یقین دلایا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کے جائز حقوق کی حمایت میں عالمی سطح پر سفارتی اور سیاسی مساعی جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ مظلوم فلسطینی قوم کیساتھ ہے۔ فلسطین کے بارے میں جو پالیسی جنوبی افریقہ کے سابق لیجنڈ رہنما آنجہانی نیلسن منڈیلا نے جو پالیسی ترتیب دی تھی حکومت اس پر بدستور قائم ہے۔