پیپلزپارٹی کی فوجی عدالتوں کی بحالی کیلئے حکومت کے تیار کردہ قانونی مسودے کی تجاویز سے اتفاق کی تردید

فوجی عدالتوں کے معاملے پر اپنی 9تجاویز میں سے کوئی بھی واپس نہیں لی ،شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کااس حوالے سے پیپل بیان بالکل جھوٹ ہے،پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر اپنی تجاویز ترامیم کے طور پر پیش کریگی سیکرٹری اطلاعات پی پی پی چوہدری منظور کی میڈیا سے گفتگو ، سینیٹر فرحت اللہ بابرکاوضاحتی بیان

جمعرات 9 مارچ 2017 22:06

پیپلزپارٹی کی فوجی عدالتوں کی بحالی کیلئے حکومت کے تیار کردہ قانونی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کی2سال کی توسیع کی حمایت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کی توسیع کیلئے حکومتی ڈرافٹ کی کوئی حمایت نہیں کی اور نہ ہی ملٹری کورٹس کی توسیع کے حوالے سے اپنی 9تجاویز میں سے کوئی تجویز واپس لی ہے،شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کی جانب سے یہ کہنا کہ پیپلز پارٹی نے اپنی9میں سی2تجاویز واپس لے لی ہیں بالکل جھوٹ ہے۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کو سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے حوالے سے پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا،اجلاس میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن ،سینیٹر فاروق ایچ نائق نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا،جس میں پیپلز پارٹی رہنما نیئر حسین بخاری،سینیٹر شیری رحمان ، سینیٹر فرحت اللہ بابر،سینیٹرسلیم مانڈوی والا،سینیٹرسحر کامران و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور کے مطابق سینیٹر فاروق ایچ نائق اور سینیٹر اعتزاز احسن کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کوپارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینٹرل انفارمیشن سیکرٹری چوہدری منظور نے کہا کہ سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی رہنمائوں اجلاس میں پیپلزپارٹی نے فوجی عدالتوں کی ایک سال کی توسیع اور عدالتوں میں سیشن جج اور ایڈیشنل سیشن جج کی تعیناتی سے متعلق اپنی تجاویز واپس نہیں لیں،پیپلز پارٹی قومی اسمبلی کے اجلاس میں آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے بل پر اپنی تجاویز ترامیم کے طور پر پیش کریگی،پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کی جانب سے یہ کہنا کہ پیپلز پارٹی نے اپنی9میں سی2تجاویز واپس لے لی ہیں بالکل جھوٹ ہے،شاہ محمد قریشی اور شیخ رشید پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس میں سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔

بعد ازاں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کی توسیع کے حوالے سے حکومتی ڈرافٹ کی حمایت نہیں کی ۔پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا کہ میڈیا کی یہ رپورٹ کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومتی مسودے سے اتفاق کر لیا ہے درست نہیں اور پارٹی ان کی تردید کرتی ہے۔ پی پی پی کسی بھی سرکاری ایجنسی کی جانب سے کسی ایسے بیان کو یکسر مسترد کرتی ہے جس سے یہ غلط تاثر پیدا ہو کہ پیپلزپارٹی نے حکومتی تجاویز کے مسودے پر اتفاق کر لیا ہے۔ (رڈ)