آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کا ریویو میں مددکیلیے ڈریسنگ روم کی جانب دیکھنے کا تنازع بڑھ گیا

کارروائی نہ ہونے پر آسٹریلیا اور بھارت نے اپنی توپوں کا رخ آئی سی سی کی جانب موڑ دیا

جمعہ 10 مارچ 2017 15:14

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2017ء) آسٹریلیا اور بھارت نے اپنی توپوں کا رخ آئی سی سی کی جانب موڑ دیا۔بنگلور ٹیسٹ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کا ریویو میں مددکیلیے ڈریسنگ روم کی جانب دیکھنے کا تنازع بڑھتا ہی جارہا ہے۔ گذشتہ روز آئی سی سی نے اپنے بیان میں واضح کردیا تھا کہ ویرات کوہلی اور اسمتھ کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی،دونوں ٹیموں باقی سیریز پر توجہ دیںجبکہ کپتانوں کی میٹنگ کرائی جائے گی۔

اس بیان کے بعد دونوں فریقین کی توپوں کا رخ اب کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب ہوگیا۔ادھر بھارت کے سابق وکٹ کیپر صبا کریم نے کہاکہ آئی سی سی نے اپنی پریس ریلیز میں کوہلی کا نام ہی کیوں لیا، انھوں نے تو صرف حریف کپتان کی ایک غلط حرکت کا بتایا تھا۔

(جاری ہے)

سابق اوپنر چیتن چوہان نے کہا کہ مجھے آئی سی سی کے فیصلے پر کافی حیرت ہوئی، پورا یقین ہے کہ اور بھی بہت سے لوگوں کو اس سے صدمہ پہنچا ہوگا کیونکہ اسمتھ کا اشارہ واضح تھا، ایک اور سابق بھارتی کپتان سنیل گاوسکر نے کہاکہ میں بھی بھارتی ٹیم سے کہوں گا کہ وہ مہمان کپتان جیسے ہی حربے استعمال کریں۔

اب اگر ہمارا کوئی کھلاڑی ڈریسنگ روم کی جانب دیکھے تو پھر اسے بھی کچھ مت کہا جائے۔علاوہ ازیں آسٹریلیاکے سابق کرکٹرز اسٹیووا اور مائیکل کلارک نے اپنے ہی ملکی کپتان کی حرکت کو غلط قرار دیا، البتہ آسٹریلوی میڈیا نے آئی سی سی پر الزام لگایاکہ اس نے معاملے پر کوئی ایکشن نہ لے کر کھیل کو انارکی کی جانب دھکیلا ہے۔

متعلقہ عنوان :