پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور تھائی لینڈ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر سہیل خان سے ملاقات

جمعہ 10 مارچ 2017 19:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2017ء) پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور نے جمعہ کو دورہ بنکاک کے دوران تھائی لینڈ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر سہیل خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں کی آمدورفت اور دورہ پاکستان کے خواہاں سیاحوں کو درپیش ویزا مشکلات سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے تجویز دی کہ سیاحت کے فروغ کیلئے پاکستانی سفارتخانوں کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ویزا کے اجراء کے عمل کو سہل بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکھ، ہندو اور بدھ مذہب کے بے شمار مقدس مقامات ہیں اور ان مذاہب کے لوگ دوسرے ملکوں سے اپنے مذہبی مقدس مقامات کی یاترا کے خواہاں ہوتے ہیں لیکن انہیں ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں تھائی لینڈ کے سیاحوں کی بڑی تعداد پاکستان آنا چاہتی ہے اور پاکستانی سفارتخانہ انہیں بلاتاخیر ویزوں کے اجراء میں سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں ہوٹلوں کی تعداد میں اضافہ سمیت رہائشی اور ہوٹلز کی سہولیات کی بہتری کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ سابقہ برسوں کے مقابلہ میں پاکستانی سفارتخانہ کے ویزوں کے اجراء کے عمل کو سہل بنایا ہے اور ہم 48 گھنٹوں کے اندر ویزے کے اجراء کو یقینی بنا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں تھائی لینڈ میں مقیم پاکستانی برادری کی مشکلات کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :