وزیراعظم نوازشریف پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنانے میں سرگرم ہیں ‘سماجی خدمت میں معروف افراد ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں‘سی پیک منصوبے کی بدولت پاکستان ایشیا کا اہم ترین پلیئر بن کر ابھرے گا،وزیر اطلاعات پنجاب

اتوار 12 مارچ 2017 17:01

لاہور۔12 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں مجتبی شجاع الرحمن نے کہاہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے، وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنانے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور پاکستان سی پیک معاہدہ کی بدولت پورے براعظم ایشیا کا اہم ترین پلیئر بن کر ابھرے گا -ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میوزیم کے آڈیٹوریم میں تحریک استحکام پاکستان کونسل کی جانب سے معاشرہ میں فلاحی خدمات سرانجام دینے والے افراد میں میڈل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-صوبائی وزیر نے کہاکہ پاکستان جنوبی ایشیا کی ایک ایسی ریاست ہے جہاں پر قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ تعلیم یافتہ ہیومن ریسورس بھی موجود ہیں ،پاکستانی معاشرہ کا ایک خاصا یہ بھی ہے کہ یہاں پر فلاحی خدمات سرانجام دینے والے افراد ہر شعبہ ہائے زندگی میں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرہ میں سماجی خدمات سرانجام دینے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے اور ان کے فلاحی کام کو اجاگر کیاجائے تاکہ دوسروں کو بھی نیکی کی تحریک ملے اور اس طرح سماجی و فلاحی خدمات کا دائرہ وسیع تر ہو-صوبائی وزیر نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا عزم ہے کہ پاکستانیوں کو زندگی کی بہترین سہولیات بہم پہنچائی جائیں ، اس حوالے سے ترقیاتی بجٹ کو اس طرح ڈیزائن کیاگیا ہے جس سے سوشل سیکٹر کی ترقی کے لئے وافر مقدار میں فنڈز کی دستیابی ممکن ہوگی -انہو ںنے کہاکہ ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کی بدولت بے وسیلہ بچوں کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا ہے - صوبائی وزیر نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ فلاحی خدمات سرانجام دینے والے افراد کے کام کو اجاگر کریں اس طرح نوجوانوں کو یہ ترغیب ملے گی کہ وہ مفاد عامہ اور مخلوق خدا کی بہتری کے کاموں میں اپنا کردار ادا کریں ، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ دوسروں کے کام آنا ہی اصل نیکی ہے اور اس طرح انسان پرور معاشرہ جنم لیتا ہے - انہو ںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت آئندہ بجٹ میں سوشل سیکٹر کے لئے خصوصی فنڈز مہیا کرے گی تاکہ انسانی فلاح کا یہ سفر پوری توانائی کے ساتھ جاری رہے -صوبائی وزیر نے شعبہ زندگی میں اعلی خدمات سرانجام دینے والے افراد میں قائد اعظم گولڈ میڈل اور خواجہ رفیق شہید گولڈ میڈل تقسیم کئے۔