وزیراعظم کی قیادت میں ایک نیا پاکستان جنم لے رہاہے ‘عمران کے پاس عوامی ترقی کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں ‘ شمالی لاہور کو دیگر علاقوں کے ہم پلہ لانے کیلئے ہر یونین کونسل کو ترقیاتی فنڈز کی مد میں دو‘دو کروڑ روپے دیئے گئے ہیں ،مجتبیٰ شجاع الرحمن

اتوار 12 مارچ 2017 18:20

لاہور۔12 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی منفی سیاست جلتی پر تیل چھڑکنے کا نام ہے ،ان کا کام انتشار اور تخریب کے ذریعے ملک کو کمزور کرنا ہے ، بہتان خان کے پاس عوامی ترقی کے لئے کوئی مثبت ایجنڈا نہیں،عمران خان پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں اور عوامی خوشحالی دیکھ کر حسد کے مارے لال پیلے رہتے ہیں ۔

وہ اپنے حلقہ پی پی 141 کی یونین کونسل نمبر 40 کے دفتر میں پارٹی کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں ایک نیا پاکستان جنم لے رہاہے ،ایک طرف سی پیک کے ذریعے ملک کی تقدیر بدل رہی ہے اور دوسری جانب دہشت گردی و انتہا پسندی کا خاتمہ کرکے ترقی و خوشحالی کا روڈ میک متعین کردیاگیاہے -انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تعمیر پاکستان کی سیاست کررہی ہے، سی پیک کی صورت میں ایک نئے پاکستان نے جنم لیاہے ، چارو ںصوبے مل کر جمہوریت کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں اور وزیراعظم نوازشریف ، وزیراعلی محمد شہبازشریف کی پر عزم قیادت میں ترقی کا سفر دن رات جاری ہے، پاکستان میں انرجی پراجیکٹس پر خصوصی توجہ دی گئی ہے - صوبائی وزیر نے کہاکہ 2017ء کے آخر تک 10 ہزار میگا واٹ اضافی بجلی قومی گرڈ میں شامل کردی جائے گی اور ملک کو لوڈ شیڈنگ سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات مل جائے گی - انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازشریف کی رہنمائی میں شمالی لاہور کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ، شمالی لاہور کو دیگر علاقوں کے ہم پلہ لانے کے لئے ہر یونین کونسل کو ترقیاتی فنڈز کی مد میں دو‘دو کروڑ روپے دیئے گئے ہیں جبکہ آئندہ بجٹ میں ہر یونین کونسل کو تین تین کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز مہیا کئے جائیں گے اور یہ فنڈز عوامی بھلائی کی مختلف سکیمو ںپر خرچ ہوں گے -